08 اپریل 2020
تازہ ترین
عمران کی الیکشن کمیشن میں  تلاشی شروع ، خواجہ آصف

عمران کی الیکشن کمیشن میں  تلاشی شروع ، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان خیرات کے پیسے کا حساب نہیں دے رہے ، الیکشن کمیشن میں انکی تلاشی شروع ہوئی ہے مگر تلاشی اور ثبوت نہیں دے رہے بلکہ جیبوں میں ہاتھ ڈالے ہوئے ہیں کہ کوئی تلاشی نہ لے لے۔سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک بات ضرور کہوں گا کہ سڑک کے اس پار الیکشن کمیشن ہے جہاں پر عمران خان کو الیکشن کمیشن میں منی ٹریل کے ثبوت نہ دینے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے توہین عدالت کا نوٹس جاری ہو چکا ہے ، چھ تاریخیں ہوگئیں لیکن ابھی تک عمران خان نے کوئی جواب نہیں دیا ، ہم سے تو 35سال پرانے تمام ثبوت طلب کئے جارہے ہیں ، ہم عوام اور عدالت کے سامنے جواب دہ ہیں لیکن عمران خان الیکشن کمیشن جہاں پر متعلقہ کیس ہونا چاہیے تھا وہاں پر جواب نہیں دے رہے اور جیبوں میں ہاتھ ڈالے ہوئے ہیں ، ہم قوم کے سامنے دہرا معیار نہیں رکھتے لیکن اب قوم عمران خان کے دہرے معیار کو سمجھ چکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ  ہم سپریم کورٹ میں ثبوت دے رہے ہیں اور عمران خان صاحب ہم سے سب پوچھ رہے ہیں مگر خود الیکشن کمیشن میں کچھ نہیں بتا رہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے اپنی والدہ کے نام پر ہسپتال بنایا اور لوگوں سے خیرات کے نام پر پیسہ لیکر کہاں کہاں لگایا یہ انہیں الیکشن کمیشن میں جواب دینا ہے ، عمران خان غیر ملکی فنڈنگ کی منی ٹریل نہیں بتا رہے  ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو آج پھر توہین عدالت کا نوٹس ملا ہے، تاریخ میں پہلی بار ہے کہ شریف فیملی تیس سالوں کی ٹرانزیکنشز کا حساب دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عدالتی فیصلے کے بعد مخالفین سے بھی نمٹ لیں گے۔ 


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟