15 نومبر 2018
عمران کو انٹرنیشنل سٹارز کی جانب سے مبارکباد

عام انتخابات 2018 میں پاکستان تحریک انصاف  کی کامیابی پر انٹرنیشنل کرکٹرز اور بالی وڈ سٹارز کی جانب سے عمران خان کو مبارکباد پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ سابق بھارتی کرکٹ کپتان کپل دیو نے اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان کو مبارک باد دی اور کہا کہ عمران خان کا وزیراعظم بننا بہت خوشی کی بات ہوگی۔کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار کوئی کھلاڑی وزیراعظم کے منصب پر فائز ہونے جا رہا ہے، لہٰذا دعا ہے کہ جس طرح انہوں نے کرکٹ کے میدان میں وطن کے لیے کام کیا، اس سے بہتر پاکستان کی خدمت کریں اور ترقی سے ہمکنار کریں۔ کپل دیو کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان میں پہلے بھی جنون تھا اور اب بھی ہے اور اگر پاک-بھارت کرکٹ تعلقات بحال ہوئے تو انہیں بے حد خوشی ہوگی۔ انڈین پریمیئر لیگ کے چیئرمین راجیو شکلا نے بھی انتخابات میں عمران خان کی کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی اور کہا یہ میرا اعزاز ہے میں نے یہ پوزیشن حاصل کرنے کے لیے ان کی 22 برس کی محنت دیکھی ہے، تبصرہ کار اور سابق انگلینڈ کرکٹر جیوفری بوائیکاٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کی ٹوئیٹ کا جواب دیتے ہوئے عمران خان کو زبردست کپتان اور کرکٹر قرار دیا اور انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ بہتر کام کریں گے۔ سابق کرکٹر مائیکل وان نے بھی عمران خان کی فتح کی خبر کو زبردست قرار دیا۔ ویسٹ انڈیز کے تبصرہ کار اور سابق کرکٹر رافیل بشپ نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں دل کی گہرائیوں سے عمران خان کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سن کر فخر ہوا کہ ایک شاندار سابق کرکٹر ملک کی قیادت میں اہم کردار ادا کر سکے گا، میری دعا ہے کہ وہ دیانتداری اور مثال کے ساتھ قیادت کریں انشا اللہ ،دوسری جانب بالی وڈ اداکار رشی کپور نے بھی ٹوئٹر پیغام میں عمران خان کی الیکشن میں کامیابی کے بعد پہلے خطاب کو خوب سراہا اور لکھا کہ آپ نے وہی کہا جو میں گذشتہ دو دن سے پاک-بھارت کے حوالے سے کہہ رہا تھا، میں امید کرتا ہوں کے آپ دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات بنانے میں کامیاب ہوں گے۔ 


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟