17 نومبر 2018
تازہ ترین
عمران سے کرکٹرز کی ملاقاتوں پر تنقید، وقار برہم

  عمران خان سے سابقہ کرکٹرز کی ملاقاتوں پر تنقید کے باعث وقار یونس نے سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی عام انتخابات میں کامیابی پر کرکٹرز سب سے زیادہ خوش ہیں، اس کا اندازہ ان تصاویر سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے، جن میں سابق اور موجودہ پلیئرز بنی گالہ میں سابق کپتان کو مبارکباد دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ان میں سابق فاسٹ بائولر وقار یونس بھی شامل ہیں جو خاص طور پر عمران خان سے ملنے سڈنی سے پاکستان آئے۔ برطانوی نیوز ایجنسی کو انٹرویو میں وقار یونس نے اس بات کا بھی گلہ کیا کہ کچھ حلقے کرکٹرز کے بنی گالہ جانے کو منفی تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بعض لوگوں نے یہ تاثر دیا کہ کرکٹرز عہدوں کی ضرورت کے پیش نظر بنی گالہ جا رہے ہیں، وہ عمران خان سے کچھ لینا چاہتے ہیں۔ یہ سراسر غلط ہے کہ کرکٹرز کو عہدوں کی ضرورت نہیں ہے، ہم سب عمران خان کے ساتھ کھیل چکے، وہ ہمارے کپتان اور استاد رہ چکے ہیں، ان سے ہم نے بہت کچھ سیکھا ، اسی ناطے یہ ہمارا فرض بنتا تھا کہ ان سے ملاقات کر کے کامیابی پر مبارکباد دیں۔ وقار یونس کو یقین ہے کہ عمران خان کرکٹ کی طرح ملک کی قیادت بھی کامیابی کے ساتھ سنبھالتے ہوئے اسے مشکلات سے نکالیں گے، انہوں نے کہا کہ عمران کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے کرکٹ میں کبھی بھی ہار نہیں مانی نہ ہی وہ سیاست میں حوصلہ ہارے، جب وہ کرکٹ میں تھے تو انہوں نے محنت اور حوصلہ مندی سے خود کو ایک کامیاب آل رائونڈر وکپتان ثابت کیا۔ اب وہ سیاست میں خود کو ایک ایماندار لیڈر کے طور پر ثابت کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  اس وقت ملک میں کرپشن ہے اور ہم قرضوں تلے دبے ہوئے ہیں، صحت، تعلیم، پانی، بجلی اور کئی دیگر مسائل موجود ہیں، اس صورتحال میں ہمیں ایک سچے اور ایماندار لیڈر کی ضرورت ہے، عمران خان سے زیادہ بہتر شخص اور کوئی نظر نہیں آتا، انہوں نے کہا کہ مسائل حل ہونے میں وقت لگے گا، لیکن مجھے امید ہے کہ عمران خان کی لیڈرشپ ملک کو ترقی کی طرف لے جائے گی۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟