22 نومبر 2018
تازہ ترین
عمران خان  کی تقریر پر اپوزیشن جماعتوں کی  تنقید

پیپلز پارٹی کے رہنمائ سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران خان کے خطاب میں پرویز مشرف کے 5 نکاتی ایجنڈے کے سوا کچھ نیا نہیں تھا،  نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے قوم سے پہلے خطاب پر پاکستان پیپلز پارٹی نے شدید تنقید کی ہے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے اپنے رد عمل میں کہا کہ عمران خان کے خطاب میں پرویز مشرف کے 5 نکاتی ایجنڈے کے سوا کچھ نیا نہیں تھا۔ سعیدغنی نے کہا کہ دہشت گردی اور شدت پسندی جیسے معاملات پر عمران خان ساکن رہے، 70 ہزار پاکستانیوں کے قاتلوں کے خلاف وزیراعظم ایک لفظ نہ بولے۔ رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آصف علی زرداری کے ہاتھوں لگے پودے سی پیک  پر کوئی پالیسی بیان نہیں دیا، سندھ اور چھوٹے صوبوں کے آئینی اختیارات پر بھی عمران خان نے کچھ نہ کہا۔ سعید غنی کے مطابق وزیراعظم کو اپنے خطاب میں این ایف سی ایوارڈ پر پالیسی بیان دینا چاہیے تھا، مردم شماری پر صوبہ سندھ کے اعتراضات پر وزیر اعظم نے ایک لفظ تک بولنا گوارا نہ سمجھا۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ کراچی کے گراونڈز پر قبضے کرنے والے وزیراعظم کے اتحادی ہی ہیں۔

سابق وزیر داخلہ اور ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف وزیر خارجہ مقرر نہ کرنے پر ن لیگ کی حکومت کی تنقید کرتی رہی ہے تاہم اب خود وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ کا اعلان نہ کرکے لاپروائی کا مظاہرہ کیا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ دہشت گردی پاکستان کے لیے اس وقت سب سے بڑا خطرہ ہے، ہم دہشت گردی کو کافی حد تک قابو کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں لیکن اب بھی ملک میں شدت پسندی کو قابو کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے پرانی باتوں کو دہرایا، عمل درآمد کا کوئی ٹھوس میکینزم نہیں دیا۔ بجلی کا بحران اور دہشت گردی کا عمران خان کی تقریر میں بڑے مسائل کے طور پر نہ ہونا ثابت کرتاہے کہ مسلم لیگ ن نے ان مسائل پر قابو پایا۔انہوں نے کہا کہ جس ٹیم کا عمران خان نے انتخاب کیا اس کے ذریعے انہیں کامیابی نہیں مل سکتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک کل وقتی وزیر داخلہ کی ضرورت ہے

عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے تقریر میں جن مسائل کا ذکر کیا وہ سب گپ شپ تھی۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی تقریر پر عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما غلام احمد بلور  نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنی  تقریر میں سب سے اہم چیز خارجہ پالیسی کا ذکر تک نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ  وہ باتیں کرتے کیوں ہو، جو کر نہیں سکتے۔

وزیراعظم عمران خان کے قوم سے پہلے خطاب پر گلگت بلتستان حکومت نے شدید ردعمل  کا اظہار کیا ہے  نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان گلگت حکومت کا کہنا ہے کہ نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کو گلگت بلتستان سے کوئی دلچسپی نہیں، بھاشا ڈیم کی بات تو کی لیکن وہاں کے مکینوں کا ذکر تک نہیں کیا۔ عمران خان کو یہ معلوم نہیں گلگت بلتستان ملک کا معاشی حب ہے، وزیر اعظم نے پانی کی کمی پر بات کی لیکن گلیشیئرز کو بھول گئے۔

 


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟