13 نومبر 2018
تازہ ترین
عمران خان بننے کی خواہش نہیں، کمار سنگاکارا

 سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا نے سیاسی اکھاڑے میں اترنے سے صاف انکار کر دیا، انہوں نے کہا کہ انہیں عمران خان بننے کی کوئی خواہش نہیں۔ سری لنکا کے سابق عظیم بیٹسمین کمارسنگاکارا نے واضح کیا کہ ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ، ان کی جانب سے یہ وضاحت مقامی میڈیا کی ان رپورٹس پر ردعمل کے طور پر سامنے آئی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سنگاکارا آئندہ برس صدارتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ سابق کپتان کا موازنہ پاکستان کے عظیم کرکٹر عمران خان سے کیا جا رہا ہے جو جلد ہی وزیراعظم کے عہدے کا حلف لینے والے ہیں۔ کمار سنگاکارا نے کہا کہ میں اس حوالے سے پھیلائی جانے والی تمام افواہوں اور قیاس آرائیوں کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنا چاہتا ہوں، میرا سیاست میں آنے یا کوئی بھی سیاسی عہدہ سنبھالنے کا کوئی ارادہ نہ ہی ایسی کوئی خواہش موجود ہے، میں نے کبھی ایسا نہیں سوچا اور پورے یقین سے کہہ رہا ہوں کہ کبھی سیاست میں نہیں آئوں گا۔ واضح رہے کہ سری لنکا میں آئندہ برس صدارتی انتخابات کے حوالے سے سیاسی ماحول کافی گرم ہے تاہم ابھی تک حکومتی اتحاد اور مرکزی اپوزیشن کی جانب سے اپنے امیدوار سامنے نہیں لائے گئے۔ سری لنکا کے بھی کئی سابق کرکٹرز سیاست میں کامیابی سمیٹ چکے ہیں، آئی لینڈرز کو ورلڈ کپ جتوانے والے ارجنا رانا ٹنگا موجودہ حکومت میں وزیر ہیں، ایک اور سابق کپتان سنتھ جے سوریا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد بطور ڈپٹی منسٹر کام کر رہے ہیں۔ 


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟