العزیزیہ ریفرنس، نوازشریف کے اعتراضات مسترد

 احتساب عدالت نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں نجی بینک کی مینجر کی جانب سے دستاویزات جمع کرانے پر نوازشریف کے اعتراضات مسترد کر دیئے۔  ریفرنسز کی سماعت جج محمد بشیر کررہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم کے خلاف  العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی سماعت جاری ہے جس میں نجی بینک کی مینجر نورین شہزاد نے دستاویزات جمع کرائیں جسے عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔ نجی بینک مینجر کی جانب سے دستاویزات پر نوازشریف کی وکیل عائشہ احد نے اعتراضات دائر کیے جسے عدالت نے خارج کر دیا۔ عائشہ احد نے اعتراض کیا کہ نورین شہزاد گواہوں کی فہرست میں شامل نہیں لہٰذا ان کی دستاویزات کو ریکارڈ پر نہیں لایا جاسکتا۔ جب کہ نیب کے پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ نورین شہزاد گواہ نہیں، اصل گواہ ملک طیب ہی ہیں اور وہ آج بھی اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔ نوازشریف کے اعتراضات مسترد کیے جانے کے بعد استغاثہ کے گواہ ملک طیب نے بیان ریکاڑ کرانا شروع کر دیا۔