17 نومبر 2018
عامر لیاقت کے بعد آفتاب جہانگیر کو بھی پارٹی قیادت سے شکایات

پی ٹی آئی رہنما عامر لیاقت کے بعد پارٹی کے ایک اور ایم این اے نے احساس محرومی کا اظہار کر دیا۔  نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے کراچی کے ارکانِ اسمبلی کی جانب سے ناراضگی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ این اے 252 سے ایم این اے آفتاب جہانگیر کا آڈیو پیغام سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے احساس محرومی کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آفتاب جہانگیر نے کہا چاہے اسلام آباد ہو یا کراچی ہمیں نظر انداز کیا جارہا ہے اور ہم سے کچھ نہیں پوچھا جارہا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی کے بڑے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ ان معاملات کو دیکھیں۔ دوسری جانب رکنِ قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ میں نے اپنے آڈیو پیغام میں ڈاکٹر عارف علوی کو مخاطب کیا تھا، نظر انداز کیے جانے پر مختلف اراکین اسمبلی کو اس حوالے سے شکایات ہیں، سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں میں ہمیں شامل رکھا جائے، میں کسی فارورڈ بلاک کا حصہ نہیں ہوں جب کہ مجھے چیئرمین سمیت تمام عہدیداروں پر مکمل اعتماد ہے۔ آفتاب جہانگیر نے کہا کہ تحریک انصاف نے مجھے عزت دی ہے، مجھے ووٹ عمران خان کی وجہ سے ملا ہے، میرا گلہ صرف اتنا ہے کہ شہر قائد سے متعلق فیصلہ سازی میں ہمیں شامل رکھا جائے۔  واضح رہے کہ دو روز قبل رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت نے پی ٹی آئی پر کراچی کو نظرانداز کرنے کا الزام لگایا تھا جس کے بعد انہیں پارٹی رہنماؤں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

 


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟