25 ستمبر 2018
عامر خان کی سیموئل ورگاس کو شکست

عامر خان کی سیموئل ورگاس کو شکست برمنگھم  پاکستانی نږاد برطانوی باکسر عامر خان نے سپر ویلٹر ویٹ کیٹیگری میں کولمبین حریف سیموئیل ورگاس کو زبردست مقابلے کے بعد شکست دے دی۔ عامر خان اور سیموئیل ورگاس کے درمیان فائٹ سپر ویلٹر ویٹ کیٹیگری میں ہوئی اور 12 رائونڈز کی فائٹ میں پوائنٹس کی بنیاد پر باکسر عامر فاتح قرار پائے۔ فائٹ انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں منعقد ہوئی جسے دیکھنے کے لئے برٹش پاکستانیوں کی بڑی تعداد بھی باکسنگ ایرینا میں موجود تھی ۔ مقابلے کے دوران باکسر ورگاس کے مکے سے ایک بار عامر خان رنگ میں گرے، تاہم فوری طور پر سنبھلنے میں کامیاب رہے اور چند ہی لمحوں میں ورگاس پر مکوں کی برسات کردی۔ تمام  رائونڈز میں عامر خان نے کینیڈین حریف کو108-119، 109-119 اور 110-118 پوائنٹس سے شکست دی۔ عامرخان کی فتح پر برٹش پاکستانیوں نے برمنگھم ایرینا کے باہر جیت کا جشن مناتے ہوئے بھنگڑے ڈالے اور پاکستانی پرچم تھام کر ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔  مقابلے کے بعد پریس کانفرنس میں عامر خان نے کہا کہ ورگاس اچھا فائٹر ہے، فائٹ سے بہت کچھ سیکھا اور میں اپنی پرفارمنس پر خوش ہوں ۔ باکسر عامر کی جیت پر اہل خانہ نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔ دوسری جانب سپر بینٹم ویٹ کیٹیگری میں پاکستانی نږاد باکسر عثمان اسلم فاتح قرار پائے، جبکہ  قیس اشفاق نے حریف گیری آسٹن کو پہلے ہی رائونڈ میں ناک آئوٹ کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟