19 دسمبر 2018
تازہ ترین
 عامر خان کا فلم موگل کرنے سے انکار

ہالی وڈ کے بعد بالی وڈ میں بھی جنسی ہراساں کئے جانے کے خلاف شروع کی گئی می ٹو مہم  نے زور پکڑ لیا ۔ گزشتہ روز مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے بائیوپک فلم موگل کو خیرباد کہہ دیا، جس کی اہم وجہ فلم کے ڈائریکٹر سبہاش کپور پر ہراساں کرنے کا الزام ہے۔ عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن رائو کی جانب سے ٹویٹر پر جاری کئے گئے پیغام میں دونوں نے  فلم نگری میں خواتین کو ہراساں کئے جانے کی شدید مذمت کی۔ عامر خان اور ان کی اہلیہ نے لکھا کہ بحیثیت تخلیقی افراد، حالات کے پیش نظر ہمارا یہ عزم ہے کہ ہم سماجی مسائل کا حل نکالتے رہیں گے، عامر خان پروڈکشنز میں ہمیشہ سے جنسی ہراسانی یا غیر اخلاقی رویے کی کوئی گنجائش نہیں رہی ہے، ہم جنسی طور پر ہراساں کرنے اور اس طرح کے ہر برے فعل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ دو ہفتے قبل جب می ٹو کہانیاں سامنے آئیں تو اس نے ہماری توجہ اپنی جانب کھینچ لی اور اب ہمیں پتہ چلا ہے کہ جس کے ساتھ ہم کام کرنے جارہے ہیں ان پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام ہے اور یہ کیس عدالت میں زیر سماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوئی تحقیقاتی ایجنسی نہیں، نہ ہی ہمیں فیصلہ کرنے کا اختیار ہے، یہ کام پولیس اور عدالت کا ہے لیکن جب تک عدالت کی جانب سے کوئی فیصلہ سامنے نہیں آجاتا تب تک فلم سے کنارہ کشی اختیار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت اچھا موقع ہے کہ ہماری فلم انڈسٹری بہتر ہوسکے اور خواتین کو ہراساں کرنے پر سخت ایکشن لیا جائے تاکہ انڈسٹری میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس حوالے سے کچھ بھی کرنے کے لئے پر عزم ہیں تاکہ ہماری انڈسٹری میں سب محفوظ اور خوشگوار ماحول میں کام کریں۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟