15 نومبر 2018
 طیفا ان ٹربل نے ریلیز کے پہلے ہی روز ریکارڈ قائم کردیا

علی  ظفر اور مایا علی کی فلم طیفا ان ٹربل  نے ریلیز کے پہلے روز کمائی کے نئے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ماہرہ خان کی سات دن محبت ان کو پیچھے چھوڑدیا۔ نامورگلوکارواداکار علی ظفرکی پہلی پاکستانی فلم طیفا ان ٹربل 20جولائی کو پاکستان سمیت 24 ممالک میں نمائش کے لیے پیش کی گئی۔ علی ظفر کے ساتھ یہ مایاعلی کی بھی ڈیبیو فلم ہے، فلم میں مایا علی ہمیشہ کی طرح خوبصورت نظرآئیں۔ ریلیز سے قبل فلم کی بھرپورانداز میں تشہیر کی گئی تھی جس کے باعث امید تھی کہ فلم اچھا بزنس کرنے میں کامیاب ہوجائے گی لیکن توقع کے برعکس فلم نے ریلیز کے پہلے روز 2کروڑ 25 لاکھ کاشاندار بزنس کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ یہ عید الضحیٰ پر ریلیز ہونے والی ماہرہ خان کی فلم سات دن محبت ان اورمعمر رانا کی آزادی کے پہلے دن سے بھی زیادہ بزنس ہے۔ ان دونوں فلموں نے پہلے روز ایک کروڑ 5 لاکھ کمائے تھے۔ اس طرح طیفا ان ٹربل نے عید پر ریلیز ہونے والی تمام فلموں کو پیچھے چھوڑدیا۔ طیفا ان ٹربل پاکستان کے شہر لاہور کے ایک لڑکے طیفے کے گرد گھومتی ہے جسے پولینڈ میں رہنے والی لڑکی مایا علی کو اغوا کرنے کا ذمہ سونپا جاتاہے، فلم میں طیفے کا کردارعلی ظفر نے اداکیا ہے۔ فلم کی موسیقی پہلے ہی مقبول ہوچکی ہے، جب کہ فلم اپنے معیار کے اعتبار سے کسی بھی بین الاقوامی فلم سے کم نہیں تھی۔ علی ظفر نے ٹوئٹر پر اپنے چاہنے والوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ آج طیفا ان ٹربل نے پاکستان میں ریلیز ہونے والی پچھلی تمام فلموں کا ریکارڈ توڑتے ہوئے 2 کروڑ25 لاکھ کا بزنس کرکے تاریخ رقم کی ہے۔ اس سے قبل کسی بھی پاکستانی فلم نے ریلیز کے پہلے روز اتنا زیادہ بزنس نہیں کیا، جب کہ یہ فلم عید پر بھی ریلیز نہیں ہوئی۔ٹوئٹ کے آخر میں علی ظفر نے خدا کا شکر اداکرتے ہوئے کہا کہ شک، وہ برحق ہے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟