21 نومبر 2018
تازہ ترین
شوبز سٹارز کے عمران خان کے نام  پیغامات

عمران خان کے بطور وزیر اعظم پہلے خطاب پر تبصروں، تجزیوں اور تعریف و توصیف کا سلسلہ  جاری ہے، جس میں پاکستانی شوبز سٹارز نے بھی اپنا حصہ ڈالا ہے۔ معروف اداکارہ اور سٹائل آئیکون ماہرہ خان بھی نئے وزیراعظم کو سراہے بنا رہ نہ سکیں اور انہوں نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے  اپنے دلی جذبات لکھ ڈالے۔ ماہرہ نے لکھا کہ وہ الفاظ جن کے بارے میں کبھی نہیں سوچا تھا کہ سننے کو ملیں گے، عمران خان آپ کو اپنا وزیراعظم کہتے ہوئے فخر محسوس ہوتا ہے، آپ کے اس مشن میں، میں آپ کے ساتھ ہوں۔  وزیراعظم عمران خان کا شمار بھی اب ان لوگوں میں ہوتا ہے، جن کے لئے ان کی والدہ خصوصی دعائیں کرتی ہیں، ماہرہ کے مطابق آپ جب بھی ٹی وی پر آئیں گے آپ پر ایک پھونک ماری جائے گی۔ اداکار و ماڈل  عدنان ملک نے عمران خان کی ایک تصویر شیئر کرکے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان، میں نے کبھی کسی بااختیار شخص کو اس طرح ایمانداری اور ویږن کے ساتھ ملک و قوم سے بات کرتے نہیں سنا۔ آپ کے خیالات بہت پر امید، دلوں کو گرما دینے والے اور متاثر کن ہیں۔ کرپشن کو بے نقاب کرنے سے لے کر، تعلیم میدان میں بہتری، معاشی بڑھوتری، اقلیتوں کے حقوق، جانوروں کے حقوق، پانی، ماحولیات، کھیلوں کی ترقی، بیوائوں کے حقوق، بچوں پر تشدد، صحت، فاٹا، بلوچستان، پولیس اصلاحات، سویلین اصلاحات، سیاحت او ر ٹیکس کلیکشن، آپ نے نئے پاکستان کو جانے والی ہر شریان کو چھوا ہے۔ ساتھ ہی عدنان ملک نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہوئے لکھا کہ کپتان میں آپ کی ٹیم میں شامل ہوں اور اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہوں۔ گلوکار و اداکار فرحان سعید  نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں  لکھا کہ پاکستان اب ہم لاوارث نہیں، ہمارا خیال رکھنے والا آگیا ہے۔ عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خان صاحب پہلے آپ سے محبت تھی، اب آپ سے عقیدت ہوگئی ہے۔ ساتھ ہی فرحان سعید نے بتایا کہ عمران خان کو بولتے ہوئے سن کر ان کی آنکھوں میں آنسو ہیں، انہوں نے کہا کہ مسٹر پرائم منسٹر میں دل و جان سے آپ کی ٹیم ہوں اور پاکستان آپ کے ساتھ ہے۔ اداکارہ ماورہ حسین نے لکھا کہ مجھے اپنے وزیراعظم سے محبت ہے، کیا خوب پہلا خطاب تھا۔ کپتان آپ آگے بڑھیں، آپ ہمیں اپنے پیچھے پائیں گے، انشا اللہ، اللہ آپ کو اور آپ کے ارادوں کو سلامت رکھے، آمین ۔ 


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟