شرجیل میمن کے کمرے  سے اصلی شراب برآمد ہوئی،پولیس کا دعویٰ

شرجیل انعام میمن کے ملازمین سے اصلی شراب برآمد ہوئی، نجی ٹی وی کے مطابق حقائق بدلنے پر جیل افسران اور کورٹ پولیس کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں شامل تفتیش کرلیا گیا ۔ محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6 ارب روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتار پیپلز پارٹی رہنما شرجیل انعام میمن کے اسپتال کے کمرے سے شہد اور زیتون کا تیل برآمد ہونے کے پارٹی پروپیگنڈے کو کراچی پولیس حکام نے مسترد کرتے ہوئے غیر ملکی شراب کی اصلی بوتلیں برآمد کرنے کا دعوٰی کیا ہے جبکہ حقائق مسخ اور ردوبدل کرنے کے الزام میں جیل حکام، کورٹ پولیس اور بعض دیگر متعلقہ حکام کے خلاف مقدمہ درج کر کے شامل تفتیش کیا جا رہا ہے۔ ایک اعلٰی پولیس افسر کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان کے چھاپے کے دوران شرجیل میمن کے کمرے میں غیر ملکی شراب کی بوتلیں پائی گئی تھیں، چیف جسٹس کے کمرے سے نکلتے ہی ان بوتلوں کو غائب کر دیا گیا تھا۔ چیف جسٹس آف پاکستان کی ہدایت پر جب سپریم کورٹ کی ٹیم ضیا الدین اسپتال کی سب جیل پہنچی تو پولیس کے دبائو پر شرجیل انعام میمن کے ملازمین نے ہوبہو ویسی ہی شراب کی خالی بوتلوں میں شہد اور زیتون کا تیل ڈال کر پیش کر دیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی پیش کردہ بوتلوں کی تصاویر بھی سوشل و الیکٹرونک میڈیا پر وائرل کر دیں۔ پولیس کے اعلٰی تحقیقاتی افسر کے مطابق تحقیقات کے دوران اسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج قبضے میں لی گئی تو ان ویڈیوز کی مدد سے شرجیل انعام میمن کے ایک ملازم کو سب جیل کے کمرے سے شاپنگ بیگ میں شراب کی بوتلیں لے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ مذکورہ ملازم نے وہ بوتلیں اسپتال کے جس مقام میں چھپائی تھیں پولیس نے وہاں کار پر چھاپہ مار کر اصلی شراب بھی قبضے میں لے لی تھی۔ بوٹ بیسن تھانے میں درج مقدمے اور کیس پراپرٹی میں شراب کی وہ اصلی بوتلیں موجود ہیں جن میں سے دو ڈبہ پیک ہیں۔ مقدمے کو مزید مضبوط بنانے کیلیے اسپتال کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیج بھی کیس کا حصہ بنائی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق اس مقدمے کے حوالے سے جیل انتظامیہ کا پیشہ ورانہ کردار مشکوک اور غیر قانونی پایا گیا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے موازنے سے جاگیر ہسپتال کا کمرہ قطعی طور پر تبدیل نہیں لگ رہا۔ جہاں مختلف اشیائ خاص طور پر شراب لانے لے جانے کے معاملے میں چیکنگ قطعی طور پر نہیں کی گئی۔

 


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟