21 ستمبر 2018
تازہ ترین
سی پیک پر حکومت کا مؤقف وہی ہے جو دشمنوں کا ہے،شہباز شریف

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سی پیک پر پی ٹی آئی حکومت کا مؤقف وہی ہے جو ہمارے دشمنوں کا ہے۔ پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے گیس، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا باقاعدہ میڈیا پر اعلان ہوا، اب ای سی سی میں گیس قیمتوں میں اضافہ مؤخر کرنے کی خبر آئی، حکومت فیصلہ کر کے پیچھے ہٹنے سے کیا تاثر دے رہی ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان کے لئے اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے تحفہ اور خطے میں گیم چینجر ہے، اس منصوبے سے ملک کو بے پناہ فائدہ ہوگا، زراعت اور کاروبار کو فروغ ملے گا، اسے منجمد کرنا کفران نعمت اور 22 کروڑ عوام کے ساتھ زیادتی ہو گی۔ اپوزیشن لیڈر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی سی پیک کے حوالے سے کہا کہ سی پیک پر حکومت کی غیر ذمہ داری سے عوام کو دھچکا پہنچا ہے، سی پیک پر پی ٹی آئی حکومت کا وہی مؤقف ہے جو ہمارے دشمنوں کا ہے،  ہم منصوبے کے خلاف ہر طرح کی سازش کو ناکام بنائیں گے اور چینی حکام کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟