21 نومبر 2018
تازہ ترین
 سکھوں کے بعد کانگریس بھی زیرو کیخلاف

بھارت میں سکھوں کے بعد اب ملک کی دوسری بڑی سیاسی جماعت کانگریس بھی فلم زیرو کے خلاف میدان میں آگئی۔ گزشتہ روز بھارتی سکھ کمیونٹی کے جنرل سیکریٹری نے شاہ رخ خان اور فلم  زیرو کے ہدایت کار آنند لال رائے کے خلاف پولیس میں شکایت درج کراتے ہوئے کہا تھا کہ کنگ خان نے ٹریلر اور پوسٹر میں جس طرح کرپان کو ایک عام چاقو کی طرح پہنا ہوا ہے، اس سے سکھوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں لہٰذا فوراً پوسٹر اور ٹریلر سے یہ سین ہٹایا جائے۔ سکھوں کے بعد بھارتی سیاسی جماعت کانگریس کے لیڈر چرن سنگھ ساپرا نے بھی سکھوں کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ  ٹریلر اور پوسٹر میں جس طرح کرپان کا غلط طریقے سے استعمال ہوا ہے اس کے خلاف انہیں کئی شکایات موصول ہوئی ہیں، لہٰذا انہوں نے پولیس سے فلم میکرز کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ۔ اس کے ساتھ ہی ساپرا نے پروڈکشن کمپنیز ریڈ چلی انٹرٹینمنٹ اور کلر یلو پروڈکشن کو فوراً پوسٹر ہٹانے کی بھی تنبیہ کی ۔ واضح رہے کہ فلم زیرو کا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی مقبول ہوگیا تھا اور 4 دن میں 100 ملین ویوز کے ساتھ یوٹیوب پر ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے، شاہ رخ خان، کترینہ کیف اور انوشکا شرما کی فلم زیرو کرسمس کے موقع پر 21 دسمبر کو نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟