12 نومبر 2018
سنجو کی بیٹی کا بالی وڈ میں کام سے انکار

بالی وڈ اداکار سنجے دت کی بیٹی تریشالا دت نے کہا ہے کہ ان کا بالی وڈ میں کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ بالی وڈ میں بابا کے نام سے مشہور سنجے دت کی پہلی بیٹی تریشالا دت سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی ہیں اور وہ سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر اپنے والد کی تصاویر شیئر کرکے ان کی حوصلہ افزائی کرتی رہتی ہیں، لیکن  سنجو کی ناقابل یقین کامیابی کے باوجود تریشالا کی جانب سے فلم یا اپنے والد سے متعلق کسی قسم کا ردعمل نہیں آیا، تاہم اب انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے والد سنجے دت سے متعلق مداحوں کی جانب سے کئے گئے سوالوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹا گرام پر Ask me any question کے حوالے سے ایک فیچر متعارف کرایا گیا ہے جس پر ایک مداح نے تریشالا سے سوال کیا کہ آپ کے اپنے والد سنجے دت کے ساتھ کیسے تعلقات ہیں اور والدین بغیر رہنا کیسا لگتا ہے، جس کا انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے والد سنجے دت کے ساتھ ایسے ہی تعلقات ہیں جیسے ایک بیٹی کے اپنے والد کے ساتھ ہوتے ہیں اور مجھے والدین کے ساتھ رہنے کا کوئی احساس نہیں ہے کیونکہ میں کبھی ان کے ساتھ نہیں رہی ، میں بچپن سے ہی اپنے نانا اور نانی کے ساتھ رہی ہوں۔ ایک صارف نے سوال کیا کہ آپ اپنے والد جیسی ہیں یا والدہ ؟ انہوں نے جواب دیا کہ میرا غصہ اور رویہ اپنے والد جیسا ہے جبکہ نرم دلی اور محبت بھرا برتائو والدہ کی طرح ہے۔ ایک اور مداح نے سوال پوچھا کہ اگر بالی وڈ سے آپ کو ایک اچھی فلم کی آفر آئے تو آپ کا کیا جواب ہوگا؟ تریشالا نے کہا  شکریہ میرا بالی وڈ انڈسٹری میں جانے کا کوئی ارادہ نہیں۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟