26 ستمبر 2018
تازہ ترین
 سمگلنگ وٹرانزٹ ٹریڈ کے غلط استعمال پر7سال قید

 فیڈرل بورڈ آف ریونیو  نے سمگلنگ اورافغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے غلط استعمال میں ملوث تاجروں پر بھاری جرمانے اور 7سال تک قید کی سزائیں  دینے کا قانون نافذ کردیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سینئر افسر نے آن لائن کو بتایا کہ فیلڈ فارمشنز کو  فنانس2018 کے تحت کسٹمز ایکٹ کی سیکشن 156کے پارٹ بی میں شامل کی جانےوالی نئی کلاز 63کا یکم جولائی سے اطلاق کردیا گیا ہے اور آئندہ اسی شق کے تحت سمگلنگ  کے کیسوں کو ڈیل کیا جائےگا۔ نئے قانون کے مطابق  غیرقانونی اشیا کی ترسیل میں استعمال ہونے والی گاڑیاں اور غیرقانونی اشیا ضبط کرکے اشیا کی مالیت سے 10گنا زائد جرمانے عائد کیے جائیںگے۔فنانس ایکٹ 2018 کے ذریعے کسٹمز ایکٹ 1969کی سیکشن 156کے پارٹ بی میں شامل کی جانےوالی نئی کلاز 63میں کہا گیا کہ اگر کسی گاڑی میں  ٹرانسشپمنٹ کیلئے لوڈ کیا ہوا سامان اپنے اصل مقام پر پہنچنے کے بجائے راستے میں کسی جگہ اتارا جاتا ہے اور وہ پکڑا جاتا ہے تو وہ سامان اور سامان  لے جانے والی گاڑی ضبط کرٍلی جائےگی۔اسی طرح اگر وہ سامان ممنوع ہوگا یا پلفرڈ ہوگا تو اس صورت میں بھی سامان ضبط کرنے کے ساتھ درآمد کنندہ، نگران اور بانڈڈ کیرئیر کے خلاف کارروائی ہوگی گاڑی اور سامان ضبط کرکے اشیا کی مالیت سے 10گنا زیادہ جرمانہ عائد کیا جائےگا اور مزید سزا کیلئے سپیشل جج کے سامنے کیس چلایا جائیگا اور اس کیس میں 7سال تک سزا  دی جاسکے گی۔اسی طرح اگر اشیا کی درآمد کیلئے سامان کی ٹرانسشپمنٹ کیلئے ٹرانسشپمنٹ رولز کی خلاف ورزی کی جائےگی تو خلاف ورزی کے مرتکب شخص، ان لینڈ کیریئر اور نگران پر 5 لاکھ روپے تک جرمانہ یا درآمدی سامان پر عائد ڈیوٹی اور ٹیکسوں کی مالیت سے 3گنا زیادہ  جرمانہ عائد کیا جائےگا۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟