26 ستمبر 2018
تازہ ترین
سدھو نے عمران خان کی دعوت قبول کرلی

سابق بھارتی کرکٹر، سیاستدان اور کامیڈی شو کے جج نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بھیجا جانے والا دعوت نامہ قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان صاحب کردار شخص ہیں اور پاکستان جاکر ان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنا میرے لئے باعث اعزاز ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو، سنیل گواسکر، کپل دیو اور اداکار عامر خان کو دعوت نامہ بھیجا گیا تھا۔ نوجوت سنگھ سدھو یہ دعوت نامہ قبول کرنے والے پہلے شخص ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کا دعوت نامہ قبول کرتے ہوئے پاکستان کے متوقع وزیر اعظم عمران خان کو صاحب کردار شخص قرار دے دیا۔ نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ پاکستان جاکر عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنا ان کے لئے باعث اعزاز ہے، میں یہ دعوت نامہ قبول کرتا ہوں، باصلاحیت اور ذہین لوگوں کی تعریف کی جاتی ہے، لوگ ہمیشہ طاقتور سے ڈرتے اور صاحب کردار شخص پر بھروسہ کرتے ہیں، عمران خان ایک صاحب کردار شخص ہیں اور ان پر بھروسہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں میں لوگوں کو متحد کرنے اور رکاوٹوں کو ہٹانے کی قابلیت ہوتی ہے، لہٰذا وہ اس تقریب حلف برداری میں ضرور شرکت کریں گے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟