15 نومبر 2018
تازہ ترین
سدا بہار پھول میں کینسر کا علاج پوشیدہ

 لندن  اب سے 60 سال قبل سدا بہار کے پودے میں ضد سرطان جزو دریافت ہوا تھا لیکن اب اس راز سے بھی پردہ اٹھایا گیا کہ آخر اس پھول میں یہ مرکبات کیونکر پیدا ہوتے ہیں؟ ماہرین کے مطابق مڈغاسکر پیری ونکل یا روز پیری ونکل سدا بہار پھول کی ایک قسم ہے۔ اس کے پتوں سے ون بلاسٹین نامی مرکب نکالا جاتا ہے۔ 1950 میں معلوم ہوا کہ یہ مرکب کینسر کے خلاف انتہائی موثر کردار ادا کرتا ہے اور یہ کیمیکل خلیات کو تقسیم ہونے سے روک کر مثانے، پھیپھڑوں، اووری اور چھاتی کے کینسر کو درست کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ وِن بلاسٹین کے ساتھ ایک اہم مسئلہ یہ ہے کہ اسے اخذ کرنا بہت مشکل ہوتا ہے اور 500 کلوگرام خشک پتوں سے اس کی صرف ایک گرام مقدار ہی نکالی جاتی ہے اور اس کے باوجود یہ عمل بہت سست اور مہنگا ہوتا ہے۔ اسی بنا پر ماہرین ون بلاسٹین کے بننے کے عمل پر 60 سال سے غور کر رہے ہیں تاکہ اسے مصنوعی طور پر تجربہ گاہ میں تیار کیا جاسکے۔ برطانیہ میں واقع جان آئنز سینٹر سے وابستہ پروفیسر سارہ او کونر اور ان کی ٹیم نے گزشتہ 15 برس سے مڈغاسکر سدا بہار پھول پر جینیاتی تحقیق کر رہے ہیں۔ اب یہاں کے ڈاکٹر لورینزو کیپیوٹی اور فرانس کے ماہرین نے ملکر اس معمے کا آخری حصہ بھی حل کر دیا ، جس کے لئے جینوم ڈرافٹنگ کی جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی گئی اور انہوں نے ون بلاسٹین پیداوار میں اب تک اوجھل رہنے والے اہم جین دریافت کرلئے ۔ ماہرین نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ  ون بلاسٹین کسی بھی پودے میں اب تک دریافت ہونے والا پیچیدہ ترین مرکب ہے۔ اسی لئے گزشتہ 60 برس سے اس کا معمہ حل نہیں ہورہا تھا۔ اب یقین نہیں آتا کہ ہم نے یہ کام کر دکھایا۔ ماہرین نے اعتراف کیا کہ پوری دنیا کے ماہرین نے برسوں کی محنت کے بعد اس راز کو دریافت کیا ، جسے بلاشبہ ایک عالمی کاوش کہا جاسکتا ہے۔ ماہرین نے دو اہم اینزائم (خامروں) کیتھرنتھائن اور ٹیبرسونائن کا پتا لگایا ، جس کے ذریعے ون بلاسٹین کی مصنوعی تالیف یعنی لیبارٹری میں تیاری میں مدد مل سکے گی۔ ماہرین کے مطابق 1960 اور 1970 کے عشرے میں ہونے والی تحقیق کے بعد معلوم ہوا ہے کہ ون بلاسٹین کے بننے میں 31 مختلف مراحل ہوتے ہیں لیکن دو اینزائم اس عمل کو مختصر کر سکتے ہیں۔ سارہ او کونر کے مطابق اس دریافت کے بعد یا تو پودے یا پھر تجربہ گاہ میں ون بلاسٹین کی پیداوار کو بڑھایا جاسکتا ہے۔ ماہرین نے امید ظاہر کی ہے کہ اگلے ایک سے ڈٰیڑھ برس میں ون بلاسٹین کی خاطرخواہ مقدار بنانے میں اہم کامیابی حاصل ہوجائے گی۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟