16 نومبر 2018
تازہ ترین
ساتھی ڈولفنز کو کرتب سکھانے والی ڈولفن

 1988میں ایک آلودہ سمندری کریک سے بازیاب کرائی گئی ایک ڈولفن دوران بحالی دوسری ڈولفن کو دیکھ کر کرتب سیکھ گئی اور جب سے اسے سمندر میں چھوڑا گیا تو اسے دیکھ کر اب تک مزید 9 ڈولفنز بھی اس کرتب سے واقف ہوچکی ہیں۔ آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں ایک بوٹل نوز ڈولفن  بلی کو رکھا گیا تو اس نے کرتب دکھانے والی ڈولفنز کو دیکھ کر اپنی دم کے بل پر تیرنا سیکھ لیا۔ اس کرتب  میں ڈولفن سیدھی ہوکر دم کے بل پانی کی سطح پر آگے بڑھتی ہے۔ لیکن 2011 میں جب اس ڈولفن کو سمندر میں چھوڑا گیا تو اس نے مزید 9 ڈولفنز کو یہ کرتب سکھایا جسے دیکھ کر ماہرین حیران ہیں۔ سائنسدانوں کے مطابق یہ دنیا کا پہلا واقعہ ہے کہ ایک ممالیہ نے اپنے ماحول میں جاکر اپنی نوع کے دیگر جاندراروں کو کسی نئی چیز کی تربیت دی ۔ اس کی تفصیلات رائل سوسائٹی کے تحقیقی جرنل بائیو لوجی لیٹرز میں شائع ہوئی ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس طرح ایسے جاندار مشکل حالات میں بھی خود کو ڈھال کر زندہ رہنا سیکھ سکتے ہیں اور آب و ہوا میں تبدیلی یا آلودگی وغیرہ کو بھی جھیل سکتے ہیں۔ ماہرین نے بتایا کہ ڈولفن میں دم پر کھڑے ہوکر تیرنے کا رحجان کم ہوتا جارہا ہے اور توقع تھی کہ مزید ڈولفنز اسے بھول جائیں گی۔ لیکن اب معلوم ہوا کہ ذہانت بھری ڈولفن یہ کام تیزی سے سیکھ جاتی ہیں اور نیچرل سلیکشن کے مقابلے میں وہ تیزی سے نئے سبق سیکھتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق جانداروں اور خصوصاً ڈولفنز میں نئی معلومات سیکھنا ہر طرح سے ایک مفید عمل ہوتا ہے، تاہم اس پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟