22 اکتوبر 2019
تازہ ترین
 سائبر حملہ، 3کروڑ فیس بک صارفین کا ڈیٹا چوری

 سائبر حملہ، 3کروڑ فیس بک صارفین کا ڈیٹا چوری

 فیس بک نے کہا ہے کہ اس پر ایک بڑا سائبر حملہ ہوا ہے جس میں 3 کروڑ اکائونٹس کی تفصیلات چوری ہوگئی ہیں۔ سماجی رابطوں کی مقبول ویب سائٹ ہیکرز کے پے درپے حملوں کی وجہ سے انتہائی غیر محفوظ ثابت ہوتی جارہی ہے۔ گزشتہ ماہ ستمبر میں فیس بک پر حملے میں 5 کروڑ صارفین کا ڈیٹا چوری ہوا تھا اور کمپنی کی جانب سے جاری کردہ نئے بیان کے مطابق ایک اور حملے میں مزید 3 کروڑ صارفین کے اکائونٹس ہیک ہوگئے ہیں۔ فیس بک کے بیان کے مطابق ہیکرز 3 کروڑ صارفین کی ای میلز اور فون نمبر چرانے میں کامیاب ہوگئے۔ ہیکرز نے 4 لاکھ اکائونٹس کو استعمال کرکے 3 کروڑ صارفین کے  ایکسس ٹوکنز حاصل کئے۔ فیس بک صارفین اگر پاس ورڈ ڈالے بغیر لاگ ان کرنے کے لئے چاہیں تو اس کے لئے وہ Access token استعمال کرتے ہیں۔ اس حملے میں 1.4 کروڑ صارفین کے نام، رابطہ نمبر، نجی معلومات بشمول جنس، ازدواجی حیثیت اور کہاں کہاں وہ جاتے رہے ہیں، یہ سب معلومات چوری ہوگئی ہیں۔ دیگر 1.5 کروڑ صارفین کے نام اور رابطہ نمبر چوری ہوئے ہیں۔ فیس بک نے پیج بھی جاری کیا ہے جہاں جاکر صارفین یہ معلوم کر سکتے ہیں کہ متاثرہ افراد میں وہ شامل ہیں یا نہیں۔ صارفین وہ پیج کھولیں گے تو اس میں فیس بک کی جانب سے پیغام لکھا آجائے گا کہ ان کا اکائونٹ محفوظ ہے یا ہیک ہوچکا ہے۔ متاثرہ صارفین کو کمپنی کی طرف سے پیغام ملے گا جس میں انہیں اکائونٹ کی ہیکنگ سے آگاہ کیا جائے گا۔ ایف بی آئی نے فیس بک کی درخواست پر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ فیس بک نے صارفین کی سیکورٹی یقینی بنانے کے لئے ایکسس ٹوکنز بدل دیئے ہیں اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث 559 مشتبہ پیجز اور 251 اکائونٹس بھی بند کرنے کا اعلان کیا ۔ فیس بک پر یہ پہلا حملہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی ویب سائٹ پر متعدد حملے ہوچکے ہیں جن میں کروڑوں صارفین کی معلومات ہیکرز کے ہاتھ لگ چکی ہیں۔ صارفین کو خدشہ ہے کہ ہیکرز ان کی ذاتی معلومات کا غلط فائدہ بھی اٹھا سکتے ہیں۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟