21 ستمبر 2018
تازہ ترین
زیادہ فائدہ مند، سرخ یا سفید گوشت؟

ایک عام انسان کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے میں پروٹین اہم کردار ادا کرتا ہے، پروٹین کی فراہمی کے لئے جہاں دالیں اور سبزیاں اہم ہیں ، وہیں گوشت بھی بہت ضروری ہے کیونکہ یہ ایک پروٹین سے بھرپور غذا ہے جو انسانی صحت کے لئے بے حد مفید ہے۔ پروٹین کے علاوہ گوشت میں وٹامن (اے، بی، ڈی اور بی 6 )، سوڈیم، پوٹاشیم اور آئرن بھی پایا جاتا ہے۔ سرخ گوشت (ریڈ میٹ) میں گائے، بکرے اور دیگر دودھ پلانے والے جانوروں کا گوشت شامل ہیں ، جبکہ مرغی اور مچھلی کے گوشت کو عام طور پر سفید گوشت ( وائٹ میٹ ) کہا جاتاہے۔ سرخ گوشت وٹامن بی کے لئے مشہور ہے ، کیونکہ اس میں صرف ایک نہیں بلکہ کئی طرح کے وٹامن بی موجود ہیں۔ وٹامن انسانی صحت کے لئے بےحد ضروری ہے،  یہ جسم کو صحت مند اور مضبوط بناتا ہے۔ سرخ گوشت میں شامل وٹامن بی12 اعصابی نظام کو بہتر رکھنے میں مدد دیتا ہے جبکہ بی6 قوت مدافعت کو طاقت ور بناتا ہے۔ اس کے علاوہ سرخ گوشت میں کچھ ایسے وٹامن بی بھی شامل ہیں جو کھانے کو ہضم کرنے میں مدد دیتے ہیں، آنکھوں کی بیماری اور جلد ی امراض سے روکتے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق خواتین کے لئے روزانہ 18 ملی گرام آئرن لینا ضروری ہے ، جبکہ مردوں کے لئے 8 ملی گرام ۔ سرخ گوشت وہ غذا ہے، جو خواتین اور مردوں کو آئرن کی یہ مقدار با آسانی فراہم کر سکتا ہے۔  سبزیوں کے مقابلے میں سرخ گوشت زیادہ تیزی سے انسانی جسم میں آئرن کی کمی کو دور کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق ہفتے میں دو سے تین مرتبہ گوشت کا استعمال خون کے سرخ خلیے کو بڑھاتا ہے۔ زنک ایک ایسا منرلزہے جو بہت کم غذائی اجزا میں پایا جاتا ہے اور سرخ گوشت ان میں سے ایک ہے۔ انسانی جسم کے لئے زنک بہت ضروری ہے یہ پٹھوں کو مضبوطی دیتا ہے، مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے اور دماغ کی صحت کو بہتر کرتا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق تمام بالغ افراد کے لئے روزانہ 15 ملی گرام زنک لینا بے حد ضروری ہے۔ اس کے علاوہ سرخ گوشت میں آئرن ، فاسفورس اور لیپوئک ایسڈکی بڑی مقدار بھی موجود ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق اگر سرخ گوشت کا استعمال مناسب مقدار میں کیا جائے تو یہ جسم کے لئے نقصان دہ نہیں ہے۔ سفید گوشت ہڈیوں کے لئے بے حد مفید ہے کیونکہ اس میں کیلشیم اور پروٹین موجود ہے، تاہم سفید گوشت میں سب سے زیادہ پروٹین کا حامل مرغی کا گوشت کہلاتا ہے۔ سفید گوشت ہڈیوں کے ہر طرح کے نقصان سے انسان کو محفوظ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ چکن میں فاسفورس بھی بڑی تعداد موجود ہے جو کہ دانتوں اور ہڈیوں کے لئے بہت مفید ہے اور یہ گردے اور جگر کے امراض سے بھی بچاتا ہے۔ سفید گوشت کا ایک اہم کام انسان کے دل کو صحت مند رکھنا ہے اور دل کا تندرست و صحت مند ہونا باقی تمام بیماریاں ہونے سے روکتا ہے۔ اگر پورے دن میں ایک چکن کا سینڈوچ یا سوپ پی لیا جائے تو یہ بھی ایک مکمل چکن کے برابر فائدہ پہنچاتا ہے۔ سفید گوشت کا استعمال جلدی امراض کیلئے مفید ہے۔ حد سے زیادہ گوشت کا استعمال انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے ، اسی لئے ڈاکٹروں کی جانب سے ایک حد تک گوشت کھانے کی تائید کی جاتی ہے خاص طور پر سرخ گوشت کیونکہ اس میں سفید گوشت کے مقابلے میں زیادہ کلوریز اور چکنائی ہوتی ہے۔ سرخ گوشت کی طرح سفید گوشت بھی وٹامن سے بھرپور غذا ہے۔ اس میں شامل وٹامن بی 2 جلدی امراض کو ہونے سے روکتا ہے ، جن میں ہونٹوں کا پھٹنا، زبان پر زخم ہونا اور خشک اور خراب جلد شامل ہے۔ سفید گوشت کا استعمال توانائی میں اضافہ کرتا ہے، انسانی جسم کو مضبوط رکھتا ہے اور میٹابولزم کو بھی بڑھاتا ہے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟