زندگی بھر کچھ نہ کرنے کی نوکری

 اگر آپ کو کوئی کام نہ کرنے کی ملازمت دی جائے اور اس کی تنخواہ بھی اچھی خاصی ہو اور ملازمت کا دورانیہ عمر بھر کا ہو تو آپ کیا کریں گے؟ دیگر افراد کی طرح آپ کا جواب بھی اثبات میں ہوسکتا ہے کیونکہ سویڈن حکومت نے یہ تجربہ کیا ہے جس کے لئے ایک خوش نصیب فرد کا انتخاب کیا جائے گا جو کسی ذمے داری کے بغیر ملازمت کرے گا۔ اس کے لئے ییتے بوری  میں زیر تعمیر ریلوے سٹیشن جانا ہوگا۔ وہاں روزانہ گھڑیال کو ضرب لگانا ہوگی جس سے اوپر لگی فلورسنٹ لائٹیں روشن ہوجائیں گی جس سے لوگ جان لیں گے کہ اس بے کار شخص نے کوئی کام کیا ہے۔ اس کے بعد ملازم کو حق ہے کہ وہ کہیں بھی چلا جائے، اس کے بعد ڈیوٹی کے اوقات ختم کرنے کے لئے دوبارہ گھڑیال کو ضرب لگانی ہوگی جس سے اوپر لگی روشنی بند ہوجائے گی۔ اس دوران ملازم کو سٹیشن پر رکے رہنے کی کوئی ضرورت نہیں اور وہ کلاک سٹارٹ یا بند کرکے کہیں بھی جاسکتا ہے۔ اچھی خبر یہ ہے کہ یہ نوکری پوری زندگی کے لئے ہے اور آپ کو کوئی نہیں نکالے گا۔ اس نوکری کی تنخواہ بھی کم نہیں یعنی ہر ماہ 2320 ڈالر کی رقم دی جائے گی جو سوا تین لاکھ روپے بنتی ہے۔ ساتھ ہی چھٹیاں، سالانہ اضافہ، پینشن اور دیگر فوائد بھی دیئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ یتے بوری سٹیشن ڈیزائن کرنے والوں کے لئے ساڑھے سات لاکھ ڈالر کا انعام رکھا گیا تھا جسے سویڈن کے ہی دو انجینئرز نے جیت لیا اور انہوں نے انعامی رقم اس عجیب و غریب ملازم کے لئے وقف کردی جو صرف ریلوے سٹیشن کی روشنیاں کھولنے اور بند کرنے کا کام کرے گا۔ اس طرح یہ رقم کسی بھی شخص کو 120 سال کی تنخواہ دینے کے لئے کارآمد رہے گی۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟