24 مارچ 2019
تازہ ترین
زلمی اور یونائیٹڈ آج مد مقابل ہونگے

 پشاور زلمی کو پی ایس ایل فائنل میں رسائی کا دوسرا موقع آج ملے گا، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی متوازن ٹیم ٹائٹل کی جانب پیش قدمی جاری رکھنے کیلئے ایک اور رکاوٹ عبور کرنے کو تیار ہے۔ پی ایس ایل 4کے کوالیفائر میچ میں پشاور زلمی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف 10رنز سے شکست ہوئی تھی، اب اسے فائنل میں جگہ بنانے کا دوسرا موقع آج ایلیمنیٹر ٹو میں ملے گا۔   اس بار پشاور زلمی کی توقعات ہونگی کہ کامران اکمل اچھے آغاز کے بعد بڑی اننگز کھیلیں، امام الحق کے بعد لیام ڈائوسن اور مصباح بھی اننگز کو استحکام بخشیں تاکہ لوئر آرڈر میں موجود پولارڈ اور ڈیرن سیمی کھل کر سٹروکس کھیل سکیں، حسن علی،وہاب اور ٹائمل ملز سمیت پیسرز کو بھی ابتدا میں ہی حریف پر کاری ضربیں لگانا ہوں گی تاکہ ریگولر سپنر کی کمی محسوس نہ ہو۔ دوسری جانب دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی توقعات اہم میچز میں بڑے سکور کرنے کا ریکارڈ رکھنے والے لیوک رونکی سے وابستہ ہونگی، پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری بنانے والے ڈیلپورٹ اور پر اعتماد والٹن بھی قابل قدر ٹوٹل میں بھرپور حصہ ڈالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، آصف علی چھکے چھڑا سکتے ہیں، فہیم اشرف اچھی بائولنگ فارم میں اور بیٹ سے بھی اہم کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ٹیم کو کپتان محمد سمیع اور رومان رئیس کی خدمات بھی میسر ہونگی، شاداب خان آل رائونڈ صلاحیتوں کے مالک ہیں، متوازن ٹیم ٹائٹل کی جانب پیش قدمی جاری رکھنے کا عزم لئے میدان میں اترے گی۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟