23 ستمبر 2018
تازہ ترین
 نارنجی کاروزانہ استعمال رکھے آنکھوں کی بیماریوں سے محفوظ

ایک تازہ مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ باقاعدگی سے نارنجیاں کھانے والے افراد آگے چل کر اندھے پن کی وجہ بننے والی سب سے عام بیماری  میکیولر ڈی جنریشن سے محفوظ رہتے ہیں۔ سائنسدانوں نے یہ بات 15 سال کے طویل مطالعے کے بعد کہی ہے۔ یہ تحقیق آسٹریلیا میں ویسٹ میڈ انسٹیٹیوٹ نے کی ، جس میں 50 برس سے زائد 2000 افراد کا 15 سال تک سروے کیا گیا ۔ ان میں سے کئی افراد نے بتایا کہ وہ روزانہ ایک نارنجی (اورنج) ضرور کھاتے ہیں۔ اس سے معلوم ہوا کہ روزانہ ایک نارنجی کھانے سے عمر رسیدگی سے مخصوص  میکیولر ڈی جنریشن کے مرض کا خطرہ 60 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔ یونیورسٹی آف سڈنی میں واقع انسٹیٹیوٹ کے ماہر اور تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر بامینی گوپی ناتھ نے کہا ہے کہ نارنجیوں میں موجود خاص فلیوی نوئیڈز آنکھوں کو کئی امراض سے بچاتے ہوئے ان کی حفاظت کرتے ہیں۔ بامینی کے مطابق، اعداد و شمار سے ظاہر ہوا ہے کہ روز نارنجی نہ کھانے والوں کے مقابلے میں نارنجی روز کھانے والوں میں اس مرض کی شرح بہت کم تھی جو بالکل واضح ہے۔ بامینی کہتے ہیں کہ اب تک وٹامن اے، بی اور سی وغیرہ پر ہی توجہ رکھی گئی ، لیکن فلیوی نوئیڈز کی اہمیت کو نوٹ نہیں کیا گیا تھا۔ اس لحاظ سے یہ سروے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ فلیوی نوئیڈز بدن کی سوزش کم کرتے ہیں اور جسم کو بیماریوں سے لڑنے میں مدد دیتے ہیں۔ اگرچہ یہ کئی پھلوں اور سبزیوں میں ہوتے ہیں لیکن نارنجی میں ان کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔ آسٹریلیا میں 50 برس سے زائد عمر کے ہر سات میں سے ایک شخص کو میکیولر ڈی جنریشن کا خطرہ رہتا ہے جس میں دھیرے دھیرے آنکھوں کی بصارت ختم ہوجاتی ہے۔ اسی وجہ سے آسٹریلیا میں کیا گیا یہ سروے بہت اہمیت رکھتا ہے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟