کاٹن مارکیٹ میں روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں غیر معمولی تیزی رہی اور فی من روئی کی قیمت مزید400 روپے کے اضافے سے 9600 روپے کے ساتھ 8سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ ڈالر کی قدر میں اضافے کے رحجان کے باعث پاکستان سے گارمنٹس، گرے کلاتھ اور ڈینم فیبرک کی بڑھتی ہوئی برآمدی سرگرمیوں کے باعث روئی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے فی من روئی کی قیمت 10ہزار روپے تک پہنچنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں ، روئی کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کے باعث پھٹی کی قیمتوں میں بھی تیزی کا رجحان سامنے آیا ہے اور پھٹی کی قیمتیں 4 ہزار 700 روپے فی 40 کلو گرام تک پہنچ گئی ہیں۔