16 نومبر 2018
تازہ ترین
دنیا کا طاقتور ترین سپر کمپیوٹر پیش

امریکا نے دنیا کا اب تک کا طاقت ور ترین سپر کمپیوٹر منظر عام پر پیش کر دیا ہے جو ایک سیکنڈ میں دو لاکھ ٹریلین حسابی سوالات حل کر سکتا ہے۔ امریکی محکمہ توانائی کے زیر انتظام اوک رِج نیشنل لیبارٹری (او آر این ایل) نے دنیا کا طاقتور ترین سپر کمپیوٹر مکمل کرنے کا اعلان کیا، جو اسی ادارے کے 2012 کے 27 پی ٹا فلاپس کمپیوٹر سے بھی 8 گنا زائد تیز رفتار اور طاقت ور ہے۔ حیرت انگیز طور پر سائنس دان اس کمپیوٹر کے حریص ہیں کیونکہ سائنسی تحقیق کے لئے درکار بلند کمپیوٹنگ قوت صرف ایسے سپرکمپیوٹر ہی فراہم کر سکتے ہیں۔  اس وقت موسمیات، کائناتی علوم، بائیو کیمسٹری، مصنوعی ذہانت اور دیگر علوم میں بہت زیادہ ڈیٹا پیدا ہورہا ہے جسے سمجھنا اور اس سے نتیجہ نکالنا عام کمپیوٹروں کے بس کی بات نہیں۔ اسی بنا پر سائنس داں ایک جانب تو کسی بیماری کو سمجھنے کے لئے اس کا پورا ڈیٹا پروسیس کرتے ہیں تو دوسری جانب فلکیات داں کائنات کی گتھیوں کو سلجھانے کے لئے سپرکمپیوٹر استعمال کرتے ہیں۔ اسی لئے دنیا بھر میں جدید ترین سپرکمپیوٹروں کی دوڑ جاری ہے ۔ یہ کمپیوٹر اوک رج لیبارٹری کے ٹائٹن منصوبے کا حصہ ہے جسے سمٹ کا نام دیا گیا ۔  اس میں 4608 سرورز ہیں اور ہر سرور میں دو عدد 22 کور آئی بی ایم پاور نائن پروسیسر لگے ہیں جبکہ گرافکس کےلئے جدید ترین کارڈز اور پروسیسرز الگ سے لگائے گئے ہیں۔ اس کی میموری 10 پی ٹا بائٹ کی ہے اور ڈیٹا کو سنبھالنے کےلئے خاص بینڈ وڈتھ دی گئی۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اس کمپیوٹر سے جینیاتی تحقیق اور بیماریوں کو سمجھنے میں بھی مدد لی جاسکے گی۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟