23 ستمبر 2018
تازہ ترین
خلائی قوم کا  انوکھا وعدہ

روسی ارب پتی اور خلائی قوم  کے بانی نے کہا ہے کہ اس قوم کا حصہ بننے والے تمام شہریوں کو ایک دن زمین چھوڑ کر خلا میں رہنے کا موقع دیا جائےگا۔ وائس آف امریکہ کے مطابق ایسگارڈیا نامی اس تنظیم کے بانی روسی ارب پتی اگور اشوربیلی ہیں، جنہوں نے اسے 2016 میں بنایا تھا۔ اس خلائی قوم کا اب ایک آئین اور ایک منتخب پارلیمنٹ بھی ہے۔  انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت کے تمام اہم شعبے قائم کر لیے ہیں۔ اس لیے میں  اعتماد کے ساتھ ایسگارڈیا کے قیام کا اعلان کر سکتا ہوں۔ متحدہ انسانیت کی پہلی خلائی قوم کا جنم ہو چکا۔  انسانیت کی تاریخ میں یہ دن عظیم واقعات کے طور پر لکھا جائے گا۔ وہ ایک خلائی جہاز بھی بنائیں گے جو خلا میں 10 سے 15 سال رہے گا اور 25 سالوں میں خلائی قوم چاند پر سکونت اختیار کر لے گی۔ ایسگارڈیا کے شہریوں کی تعداد اس وقت دو لاکھ ہے جبکہ تنظیم اسے 15 کروڑ تک کرنا چاہتی ہے۔ اس سے پہلے خبریں آئی تھیں کہ اس تنظیم کی رکنیت کے لیے 100 یورو سالانہ فیس رکھی گئی ہے، لیکن تنظیم کی ترجمان نے بتایا کہ یہ صرف ایک تجویز تھی، رکنیت ابھی بھی بالکل مفت ہے۔  اس تنظیم سے متعلق تمام معاملات اس کی پارلیمنٹ منظور کرتی ہے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟