26 ستمبر 2018
تازہ ترین
حلف لینے سے قبل علیم خان کمپنیوں سے مستعفی 

 

 پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر علیم خان نے  پنجاب کابینہ میں بطور وزیر حلف لینے سے پہلے اپنی کمپنیوں سے استعفیٰ دے دیا۔ استعفیٰ دیتے ہوئے علیم خان نے موقف اختیار کیا کہ اب کاروبار سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہوگا اور وہ صرف اور صرف پنجاب کی بہتری اور نئے پاکستان کے لئے کام کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی پی ٹی آئی نے اپنی 23 رکنی پنجاب کابینہ کا اعلان کیا۔ علیم خان کو پنجاب کابینہ میں لوکل گورنمنٹ اور کمیونٹی ڈیویلپمنٹ کا قلمدان سونپا گیا ہے، وہ پنجاب کے سینیئر وزیر بھی ہوں گے۔ علیم خان کا شمار کروڑ پتیوں میں ہوتا ہے اور انتخابات 2018 کے دوران جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کے مطابق ان کے کل اثاثوں کی مالیت 91 کروڑ، 82 لاکھ، 78 ہزار، 855 روپے ہے۔ علیم خان کی پاکستان میں 43 جبکہ بیرون ملک 3 کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں، انہوں نے اپنی ہی بنائی ہوئی کمپنی سے 69 کروڑ 97 لاکھ 4 ہزار 306 روپے بطور قرض لیے۔ علیم خان کا پاکستان میں صرف 90 ہزار روپے کا کاروبار ہے، ان کا بیرون ملک کاروبار کا سرمایہ 81 لاکھ 38 ہزار 5 روپے ہے، جبکہ ان کے پاس موجود لاکھوں شیئرز کی مالیت 12 کروڑ 93 لاکھ 53 ہزار 990 روپے ہے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟