18 ستمبر 2018
تازہ ترین
جوڈوکپ، برانز میڈل قیصر خان کے نام

ایشین جوڈوکپ کیڈٹ میں پاکستان کے قیصرخان نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا، سیمی فائنل میں پاکستانی پلیئر کو عالمی نمبر8 ہنگری کے پلیئر سے صرف آدھے پوائنٹ کے فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کے نوجوان کھلاڑی قیصر خان اس وقت عالمی رینکنگ میں25 ویں نمبر پر ہیں، انہوں نے ہانگ کانگ میں منعقدہ ایشین کپ کیڈٹ کے90 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل مقابلے تک رسائی حاصل کی، اپنے پہلے مقابلے میں انہوں نے ملائیشیا کے تان تازی ننگ کیخلاف کامیابی سمیٹی۔ بعد ازاں کوارٹر فائنل میں پاکستانی پلیئر نے چائینزتائپے کے عالمی نمبر13شینگ کے کو زیر کرکے سیمی فائنل تک جگہ بنائی، سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ عالمی نمبر8 ہنگری کے ویگ زی سومبور کے ساتھ رہا، قیصر خان نے اس مقابلے میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی تاہم صرف آدھے پوائنٹ کے فرق سے انہیں ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہونا پڑا۔ ادھر پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکریٹری منصور احمد نے کہا کہ قیصرخان کی عمدہ کارکردگی سے نہ صرف ان کی عالمی رینکنگ میں بہتری آئے گی بلکہ ان کے یوتھ اولمپکس2018 میں کوالیفائی کرنے کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے، قیصر پیر کو مکائو جائیںگے جہاں وہ 16 سے 19 جولائی تک ٹریننگ حاصل کریں گے، بعد ازاں ان کی اگلی منزل ایشین کپ کیڈٹ ایونٹ ہوگا جو 19 سے 22 جولائی تک شیڈول ہے۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے صدرکرنل جنید اسلم نے بھی قیصر خان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ مکائو میں شیڈول ایونٹ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھا کر یوتھ اولمپکس 2018 میں جگہ یقینی بنانے میں کامیاب ہو جائیںگے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟