19 نومبر 2018
جوانی پھر نہیں آنی2 کے ٹائٹل سانگ کی دھوم

 ہدایت کار ندیم بیگ کی فلم جوانی پھر نہیں آنی2 کے ٹائٹل سانگ  نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچا دی۔ 2015میں ریلیز ہونے والی کامیاب فلم  جوانی پھر نہیں آنی کے سیکوئل  جوانی پھر نہیں آنی2  کا ٹائٹل سانگ تلے والی جوتی گزشتہ روز جاری کر دیا گیا، گانے نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچا دی۔ یو ٹیوب پر اب تک گانے کو 2لاکھ 67ہزار سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ گانے کے بول اور دھن اس انداز میں ترتیب دیئے گئے کہ شائقین اسے بار بار دیکھنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ گانے میں پاکستان کے مایا ناز صوفی گلوکار عارف لوہار اور احمد علی بٹ نے اپنی آواز کا جادو جگایا ۔ عارف لوہار کی آواز اور احمد علی بٹ کے ریپ میوزک، اس کے علاوہ پنجابی اور انگلش کے حسین امتزاج نے گانے کو مزید خوبصورت بنا دیا ۔ پہلی فلم کی شاندار کامیابی کے  بعد شائقین کی امیدیں بڑھ گئی تھیں، لہٰذا ندیم بیگ نے اسی چیز کو مد نظر رکھتے ہوئے فلم کا سیکوئل بنایا ، فلم کے ٹریلر اور گزشتہ روز ریلیز ہونے والے گانے کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ  پچھلی فلم کی طرح یہ فلم بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی اور رواں سال کی کامیاب ترین فلم کا اعزاز اپنے نام کر لے گی ۔ فلم میں اداکار ہمایوں سعید ، فہد مصطفیٰ ، احمد علی بٹ، واسع چوہدری ، مارواحسین ، ثروت گیلانی، کبریٰ خان، عظمیٰ خان، سمیت دیگر ستارے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے، تاہم فہد مصطفیٰ کا کردار شائقین کے لئے سر پرائز ثابت ہوگا ، کیونکہ ٹریلر کے شروع میں  فہد مصطفیٰ کو ہمایوں سعید کا دوست دکھایا گیا اور ٹریلر کے اختتام تک دونوں ایک دوسرے کے دشمن کے طور پر سامنے آتے ہیں۔ فلم کے ٹریلر اور گزشتہ روز ریلیز ہونے والے گانے کو دیکھ کر اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ کامیڈی، سسپنس اور ایکشن سے بھرپور فلم جوانی پھر نہیں آنی2 عید الضحیٰ پر شائقین  کیلئے زبردست تحفہ ثابت ہوگی۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟