22 ستمبر 2018
تازہ ترین
جنگلوں میں رہنے والے تن تنہا شخص کی ویڈیو وائرل

 برازیل کے جنگلوں میں بسنے والے قدیم قبیلے کے آخری بچنے والے فرد کی ویڈیو منظر عام پر آگئی جو 22 سال سے تنہا زندگی گزار رہا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق 1992میں کسانوں کے حملے میں قدیم قبیلے کے 6 افراد کو ہلاک کردیا گیا تھا۔ یہ قبیلہ مکمل طور پر جنگلی زندگی بسر کررہا تھا اور جدید انسان سے مکمل طور پر غیر مانوس اور علیحدہ تھا۔ کسانوں کے حملے میں قبیلے کا ایک ہی فرد زندہ بچا تھا لیکن اس کا سراغ نہیں مل پا رہا تھا تاہم اب 22 سال بعد اس جنگل میں مکمل طور پر تنہا زندگی بسر کرنے والے شخص کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔ جنگل میں زندگی بسر کرنے والے قدیم قبیلے کے آخری فرد کی ویڈیو برازیل کے سرکاری ادارے فونائی نے بنائی ہے جس میں قدیم جنگلی باشندے کو کلہاڑی کے ذریعے ایک درخت کو کاٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ویڈیو سے یہ بھی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس شخص کی صحت 22 سال بعد بھی قابل رشک ہے جب کہ ماضی میں اس شخص کی بنائی ہوئی کچھ جھونپڑیاں اور تیر وغیرہ بھی اس جنگل سے برآمد ہوئے تھے۔ برازیل کے جنگلوں میں آباد قدیم روایتوں کے امین ان قبیلوں کی دیکھ بحال کے لیے قائم سرکاری ادارے فونائی  نے کہا ہے کہ برازیلی قانون کے تحت مقامی قبائلیوں کو اپنے علاقے پر مالکانہ حقوق حاصل ہوتے ہیں تاہم ارد گرد آباد کسان ان علاقوں پر قابض ہونا چاہتے ہیں جب کہ فونائی خود بھی ایسے لوگوں سے رابطہ کرنے کی کوشش نہیں کرتا کیوں کہ ان میں جدید انسان کے جراثیم کے خلاف مدافعت نہیں ہوتی اور یہ بڑی آسانی سے زکام جیسے معمولی مرض کا شکار ہو کر مرسکتے ہیں۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟