13 اگست 2020
 جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو چوتھے ون ڈے میں  ہرا دیا

 جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو چوتھے ون ڈے میں  ہرا دیا

 فاف ڈوپلیسی کی غیرمعمولی بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 40 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل کر لی، پروٹیز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 367 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، ڈوپلیسی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر بہترین 185 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان ڈی ویلیئرز 64 اور ڈی کوک 55 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، جواب میں سری لنکن ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 49ویں اوور میں 327 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، کپتان اپل تھرنگا اور نیروشن ڈکویلا نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 16 اوورز میں 139 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا لیکن اس کے باوجود مہمان ٹیم ہدف حاصل نہ کر سکی، تھرنگا کی 119 رنز کی عمدہ اننگز جبکہ ڈکویلا اور ویرک کوڈی کی نصف سنچریاں بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں، پارنیل نے 4 وکٹیں لیں، ڈوپلیسی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ کیپ ٹائون میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ایک روزہ میچ میں میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 367 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، ڈوپلیسی نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور کیریئر بہترین 185 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا، کپتان ڈی ویلیئرز 64 اور ڈی کوک 55 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، ہاشم آملہ ایک، ڈومینی 20 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، فرحان بہاردین 36 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، لاہیروکمارا اور ساچتھ پتھیرانا نے 2، 2 اور مدوشنکا نے ایک وکٹ لی، جواب میں سری لنکن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 49ویں اوور کی پہلی گیند پر 327 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، کپتان اپل تھرنگا اور نیروشن ڈکویلا نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 اوورز میں 139 رنز بنا کر ٹیم کو جیت کی جاندار بنیاد فراہم کی لیکن اس کے باوجود آئی لینڈرز کو کامیابی نہ مل سکی، یہ پارٹنرشپ پروٹیز کیلئے خطرہ بنتی جا رہی تھی کہ یہاں پر پریٹوریس نے ڈکویلا کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ کا خاتمہ کر دیا، ڈکویلا 58 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر کوسل مینڈس نے کپتان کا ساتھ دیا، دونوں نے مل کر سکور 203 تک پہنچا دیا، یہاں پر پارنیل نے مینڈس کو آئوٹ کر کے پویلین بھیج دیا، پارنیل نے 29 رنز بنائے، 216 کے مجموعی سکور پر سری لنکن ٹیم کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب کپتان تھرنگا 119 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد پارنیل کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، دھانن جایا ڈی سلوا 5 رنز بنا کر چلتے بنے، اس موقع پر ویرک کوڈی اور اسیلا گونارتنے نے عمدہ بیٹنگ کی اور پانچویں وکٹ میں 79 رنز کی قیمتی شراکت جوڑ کر ٹیم کو جیت کی امید دلائی لیکن 307 کے سکور پر ربادا نے گونارتنے کو آئوٹ کر دیا، انہوں نے 38 رنز بنائے، کولاسیکرا ایک رن بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، 317 کے سکور پر سری لنکا کی آخری امید بھی دم توڑ گئی جب کوڈی 58 رنز بنا کر عمران طاہر کی گیند کا نشانہ بنے، ان کے آئوٹ ہونے کے بعد آخری تین بلے باز جم کر نہ کھیل سکے اور پوری ٹیم 327 رنز پر آئوٹ ہو گئی، پارنیل نے 4 جبکہ پریٹوریس، ربادا اور عمران طاہر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔  


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا آپ کووڈ 19 کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے مطمئن ہیں؟