جان ابراہم کیخلاف  مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے پر مقدمہ

 بالی وڈ اداکار جان ابراہم کے خلاف بی جے پی کے جنرل سیکریٹری کی جانب سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے پر ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ جان ابراہم کے خلاف بھارتی سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اقلیت کے جنرل سیکریٹری سید علی جعفری نے ایف آئی آر درج کرائی ہے، جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ جان ابراہیم کی فلم ستیہ میو جیتے کے ٹریلر میں کچھ ایسے مناظر دکھائے گئے ہیں جن سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں لہٰذا فلم سے یہ مناظر حذف کیے جائیں۔ فلم کے ٹریلر میں محرم الحرام میں جان ابراہیم کو دیگر افراد کے ساتھ ماتم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ سید علی جعفری کا کہنا ہے کہ اس منظر کو ٹریلر میں مثبت انداز سے نہیں دکھایا گیا۔ اس حوالے سے فلم کے ہدایت کار ملاپ زاویری نے کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے جب کہ سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن  کے سینئر ممبر کا کہنا ہے کہ فلم کو ہمارے پاس آنے دیجئے، فلم سنسر بورڈ کے تجربہ کار پینل کو دکھائی جائے گی اور اگر پینل کو فلم دیکھتے ہوئے کہیں بھی محسوس ہوا کہ فلم میں شامل محرم کے حوالے سے سین کے باعث لوگوں کے جذبات مجروح ہونے کا خدشہ ہے تو یہ سین فلم سے فوراً ہٹادیا جائے گا۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟