15 نومبر 2018
جامن  دانتوں کے مسائل دور کرنے میں مددگار

جامن کا شمار موسم گرما کے انتہائی مفید پھلوں میں ہوتا ہے۔ یہ ایک چھوٹا سا پھل ہے لیکن اس کے فائدے بے شمار ہیں اسی لئے اس کے کھانے کی خاص تائید کی جاتی ہے۔ اور صرف جامن ہی نہیں بلکہ جامن کی گھٹلیاں اور پتے بھی بہت فائدہ مند ہیں، اکثر لوگ جامن کی گھٹلیاں رکھ لیتے ہیں تاکہ ضرورت کے وقت انہیں استعمال کیا جاسکے۔ جامن میں کیلشیم، پوٹاشیم، آئرن، سوڈیم، وٹامن سی اور بی، کاربوہائیڈریٹ، پروٹین، فاسفورس، فولک ایسڈ اور پانی جیسے دیگر اہم غذائی اجزا موجود ہیں جو انسانی جسم کے لئے نہایت ضروری ہیں۔ جامن کی خاصیت ہے کہ یہ انسانی جسم میں موجود مختلف اقسام کی بیماریوں کو دور کرتا ہے جس میں معدے کی بیماریاں، آنتوں کی جلن، خراش، بلڈ پریشر کی سطح کو نارمل رکھنا، شوگر کنٹرول کرنا اور کھانا ہضم کرنا وغیرہ شامل ہے۔ جامن میں موجود وٹامن سی اور آئرن کی کثیر مقدار ہیموگلوبن کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ ہیموگلوبن خون میں آکسیجن کو ملاتا ہے جس سے خون کا رنگ سرخ ہوجاتا ہے پھر اسے جسم کے تمام حصوں تک پہنچنے میں مدد کرتا ہے، جس سے چہرہ صاف اور جلد چمک جاتی ہے۔ ذیابیطس کے مریضوں کے لئے جامن کا استعمال نہایت ضروری ہے، جامن خون میں شوگر کی مقدار بڑھنے سے روکتا ہے تب ہی شوگر کے مریضوں کو روزانہ جامن کھانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ جامن کی پتے بھی ذیابیطس کے مریضوں کے لئے بے حد مفید ہیں۔ جامن کی تاثیر ٹھنڈی ہے اور اسی لئے یہ کھانے کو با آسانی ہضم کرتا ہے اس کے علاوہ یہ شدید گرمی میں ٹھنڈک کا کام بھی کرتا ہے۔ جامن کے اندر پیاس کی شدت کم کرنے اور خون کی گرمی کو دور کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ جامن میں موجود آئرن خون کو صاف کرنے کا کام بھی کرتا ہے۔ اس کے علاوہ جسم میں آئرن کی کمی کو دور کرنے کے لئے جامن کا استعمال ضروری ہے۔ جامن انسان کو دل کی بیماریوں سے بچاتا ہے کیونکہ اس میں پوٹاشیم بڑی تعداد میں موجود ہے۔ 100 گرام جامن میں 55 ملی گرام پوٹاشیم ہے جو دل کی بیماریوں، ہائی بلڈ پریشر اور سٹروک وغیرہ سے محفوظ رکھتا ہے۔ جامن کا باقاعدگی سے استعمال شریانوں کو سخت ہونے سے روکتا ہے۔  وٹامن سی اور اینٹی بیکٹیریل خصوصیات کا حامل جامن دانتوں کے لئے بہت مفید ہے۔ جامن کا شربت پینے یا اس کا رس دانتوں پر لگانے سے دانت سے متعلقہ تمام مسائل کو دور کیا جاسکتا ہے۔ جامن میں موجود فائبر بہت دیر تک بھوک نہیں لگنے دیتا۔ جامن وزن کو بڑھنے سے روکتا ہے اور اسے کنٹرول میں بھی رکھتا ہے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟