20 نومبر 2018
تازہ ترین
بیگم کلثوم نوازکو  سپردِ خاک کردیا گیا

 بیگم کلثوم نواز کو میاں شریف کے پہلو میں سپردِ خاک کردیا گیا،  شریف میڈیکل سٹی کے فٹبال گرائونڈ میں معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ پڑھائی اور دعا کی۔ ، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، گورنر پنجاب، چودھری برادران، خورشید شاہ اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی نمازِ جنازہ مولانا طارق جمیل کی امامت میں کروائی گئی، شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی جانے والی مرحومہ کی نمازِ جنازہ میں غیر ملکی شخصیات، اہم سیاسی قائدین اور مسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مرحومہ بیگم کلثوم نواز کو ان کے سسر میاں شریف کے پہلو میں سپرد خاک کر دیا گیا، ان کی رسمِ قل 16 ستمبر بروز اتوار عصر تا نماز مغرب جاتی امرا میں ادا کی جائے گی۔

بیگم کلثوم نواز کی نمازِ جنازہ میں شرکت کرنے والوں میں سابق صدر ممنون حسین، حاصل بزنجو، میاں افتخار حسین، آفتاب شیر پائو، افراسیاب خٹک، زاہد خان، وزیرِاعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر، سپیکر قومی اسمبلی، وزیر اطلاعات مشتاق منہاس اور دیگر نے نواز شریف سے تعزیت کی اور نمازِ جنازہ میں شرکت کی، دیگر رہنمائوں میں مسلم لیگ ن کے رہنما راجا ظفرالحق، اقبال ظفر جھگڑا، مشاہد اللہ خان، مشاہد حسین سید، زبیر احمد، ایاز صادق، زاہد حامد، دانیال عزیر، خواجہ سعد رفیق، ڈاکٹر اسد اشرف، رانا مشہود، سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی، راحیل منیر، مصدق ملک، طلال چودھری، پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر، علی پرویز، میئر لاہور مبشر جاوید، امیر مقام، بلال یاسین اور زبیر گل بھی تعزیت کیلئے پہنچے اور نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔ جمعرات کو بیگم کلثوم نواز کی لندن کی ریجنٹس پارک مسجد میں نماز جنازہ ادا کی گئی تھی، جس میں اہلخانہ اور مسلم لیگ  ن  کے سابق رہنما چوہدری نثار سمیت کئی سیاسی رہنمائوں اور برطانوی پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی تھی۔ لندن میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد بیگم کلثوم نواز کی میت کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے پاکستان روانہ کیا گیا۔

 

 

 


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟