17 نومبر 2018
بھکاری کی  مصنوعی ٹانگ سے 33 لاکھ روپے برآمد

دبئی پولیس نے مصنوعی ٹانگ میں تقریباً 33 لاکھ روپے چھپا کر بھیک مانگنے میں مصروف پیشہ ور گداگر کو گرفتار کرلیا۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی پولیس نے عید الفطر کے پہلے روز نماز ظہر کے بعد سے پیشہ ور گداگروں کے خلاف کریک ڈائون شروع کیا اور اس دوران انہوں نے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریباً 243 گداگروں کو حراست میں لیا جن میں 136 مرد اور 107 خواتین شامل ہیں۔ اس وقت پولیس کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب ایک ایشیائی ملک سے تعلق رکھنے والے شخص کے پاس سے ایک لاکھ درہم یعنی 33 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد نقد برآمد ہوئے۔ پولیس نے جب اسے حراست میں لیا اور اس کی تلاشی لی تو مصنوعی ٹانگ سے 45 ہزار درہم اور اس کی جھولی اور لباس کے دیگر خانوں سے 55 ہزار درہم برآمد ہوئے۔  اس شخص کی عمر 60 سے 70 برس کے درمیان بتائی گئی ہے جسے القوز کے علاقے سے حراست میں لیا گیا جبکہ یہ شخص معذوری کا ناٹک کررہا تھا۔ یہ شخص ایک ماہ قبل ہی وزٹ ویزا پر دبئی آیا تھا اور لوگوں سے پیسے مانگ کر اس نے مختصر عرصے میں ایک لاکھ درہم جمع کرلیے۔  پولیس نے مذکورہ شخص کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور ساتھ ہی اس کمپنی کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے جس نے اسے ویزہ جاری کیا تھا۔ دبئی پولیس کے محکمہ فوجداری تحقیقات کے اسسٹنٹ کمانڈر انچیف میجر جنرل خلیل ابراہیم المنصوری نے کہا کہ گرفتار کیے گئے پیشہ ور گداگروں میں سے 195 افراد وزٹ ویزا پر دبئی آئے اور یہاں پر بھیک مانگنا شروع کردی، ان میں سے بعض نے خود کو کاروباری شخصیت ظاہر کرکے ویزہ حاصل کیا اور 48 افراد کے پاس قانونی رہائشی ویزہ بھی ہے۔ المنصوری نے بتایا کہ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کریک ڈائون ضروری ہے کیوں کہ ان کی وجہ سے امارات کی جمالیات اور مہذب ماحول داغ دار ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ افراد لوگوں سے پیسے بٹورنے اور ان کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے مختلف طریقے استعمال کرتے ہیں اور ان میں سے بعض افراد ان پیسوں سے مجرمانہ سرگرمیوں کی فنڈنگ بھی کرتے ہیں۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟