15 نومبر 2018
بھارت، ایشیا کپ کا شیڈول بے تکا قرار

 بھارت نے ایشیا کپ کے شیڈول پراعتراض اٹھا دیا، لگاتار2دن میچز رکھنے پر بی سی سی آئی تلملا اٹھا اور پورے شیڈول کو بے تکا قرار دے دیا۔ ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان ہوتے ہی شائقین کرکٹ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سنسنی خیز مقابلوں کا انتظار کرنا شروع کر دیا، روایتی حریفوں کا پہلا میچ 19 ستمبر کو ہوگا، مگر بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس ایونٹ کے شیڈول میں تبدیلی کا مطالبہ کر دیا ۔ ایونٹ میں بھارتی ٹیم کو پاکستان کے خلاف میدان سنبھالنے سے ایک روز قبل کوالیفائر ٹیم سے مقابلہ کرنا ہوگا، اسی بنیاد پر بی سی سی آئی نے پورے شیڈول کو ہی بے تکا قرار دے دیا۔ ایک سینئر آفیشل نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایشیا کپ کا شیڈول بے وقوفانہ ہے، اس کی تیاری میں دماغ کا استعمال ہی نہیں کیا گیا، ہم کیسے ایسی صورتحال کو قبول کر سکتے ہیں، جس میں بھارت ایک میچ آج کھیلے اور کل اس روایتی حریف سے سامنا ہو جو2 دن آرام کے بعد میدان میں اتر رہا ہو، انہوں نے کہا کہ یہ شیڈول ہمارے لئے ناقابل قبول اور اسے لازمی طور پر تبدیل کیا جانا چاہئے، ہوسکتا ہے کہ منتظمین کے ذہن میں اس مقابلے سے دولت کمانے کا خیال ہو مگر ہمارے لئے اہم چیز یہ ہے کہ شیڈول میں بھی برابری ہونی چاہئے۔ یاد رہے کہ پاکستان کوالیفائر ٹیم سے میچ 16 ستمبر کو کھیلے گا، بھارت کیخلاف مقابلے سے قبل اسے ہائی وولٹیج میچ کی تیاری کیلئے2دن ملیں گے۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کے حصہ لینے کی تصدیق ہوچکی ہے، دیگر پوزیشنز کیلئے یو اے ای، سنگاپور، اومان، نیپال، ملائیشیا اور ہانگ کانگ کے درمیان کوالیفائنگ رائونڈ کھیلا جائے گا۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟