بھارت ، اسرائیل کا اربوں ڈالرکا دفاعی معاہدہ منسوخ

اسرائیلی وزیر اعظیم نیتن یاہو ایک بڑے تجارتی وفد کے ہم راہ اگلے ہفتے بھارت کا دورہ شروع کر رہے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے سے بات چیت میں ایک اعلیٰ اسرائیلی حکومتی عہدیدار نے بتایا کہ وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے اس دورے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو وسعت دینے سے متعلق معاہدے ہوں گے، جبکہ اس دوران نیتن یاہو بھارت کو اسرائیلی دفاعی ساز و سامان کی فروخت کو بھی حتمی شکل دیں گے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل برائے ایشیا گیلاڈ کوہین کے مطابق اس چھ روزہ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات میں مزید وسعت پیدا ہو گی۔ بھارتی وزارت دفاع نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ بھارت اسرائیل سے زمین سے فضا میں مار کرنے والے 131 میزائل خریدے گا۔ برک نامی میزائل اسرائیل کے رافائل ایڈوانس ڈیفنس سسٹمز کا تیار کردہ ہے اور یہ میزائل بھارت کے پہلے طیارہ بردار بحری بیڑے میں استعمال کئے جائیں گے۔ ادھر بھارتی وزارت دفاع کے مطابق نئی دہلی نے اسرائیل سے پانچ سو ملین ڈالر کے ٹینک شکن میزائلوں کی خریداری منسوخ کر دی ہے۔ یہ ٹینک شکن گائیڈڈ میزائل بھی اسرائیلی ہتھیار ساز ادارے رافائل ہی کے تیار کردہ تھے۔