21 اپریل 2021
تازہ ترین
بلیوں اور بھونروں کی حنوط شدہ لاشیں برآمد

بلیوں اور بھونروں کی حنوط شدہ لاشیں برآمد

مصر میں چار ہزار سال قبل حنوط کی گئی 3 بلیوں اور ایک بھونرے سمیت 7 لاشوں کی باقیات دریافت ہوئی ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے جنوب میں سقارا سے 4 ہزار سال پرانی حنوط شدہ بلیوں اور بھونرے کی لاشیں ملی ہیں جبکہ ایک مقبرے سے کانسی سے بنا بلی کا مجسمہ بھی ملا ہے۔ یہ مقبرہ ایک ناہموار چوٹی کے اندر واقع ہے اور ابھی کھدائی کا کام ابتدائی مراحل ہی میں تھا کہ یہ نادر لاشیں برآمد ہوئیں۔ جیسے جیسے کھدائی کا عمل جاری رہے گا ویسے ویسے مزید دریافتوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سقارا میں قدیم باقیات کے مقام پر ایک مقبرہ بھی دیکھا گیا ، جس کا دروازہ مقفل ہے، ماہرین آئندہ چند ہفتوں میں اس دروازے کو کھولنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جس کے لئے دنیا بھر سے ماہرین کی ایک ٹیم کو طلب کیا گیا۔ مصر کے آثار قدیمہ کے ماہر مصطفیٰ وزیری نے کہا ہے کہ کنگ اسرکاف کمپلیکس سے 7 حنوط شدہ باقیات ملی ہیں، جن میں سے 3 بلیوں کی لاشیں ہیں اور ایک بھونرے کی ہے۔ بھونرے کی حنوط شدہ لاش ملنا غیر معمولی اور تاریخ ساز ہے کیونکہ بھونرے کو قدیم مصری عقائد میں سورج دیوتا کی علامت قرار دیا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مصری تہذیب میں انسانوں کی لاشوں کو موت کے بعد ابدی زندگی دینے کے لئے حنوط کیا جاتا تھا، تاہم جانوروں کی لاشوں کو حنوط کرنے کا مقصد مذہبی رسومات کی ادائیگی کرنا تھا۔ قدیم مصری بلیوں اور دیگر جانوروں کی موت کے بعد کی زندگی کو بہت اہمیت حاصل تھی۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا آپ کووڈ 19 کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے مطمئن ہیں؟