20 ستمبر 2018
تازہ ترین
بلڈ پریشر پر قابو پانے کیلئے یوگا فائدہ مند

 ایک سروے کے بعد ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ بلڈ پریشر کے مریض اگر دوا کھانے کے بجائے صرف یوگا کی مشقیں انجام دیں تب بھی دوائیں استعمال کرنے جیسا فائدہ ہوتا ہے۔ یورپی تنظیم برائے امراض قلب کی ایک کانفرنس میں پیش کردہ تحقیقی مقالے میں کہا گیا ہے کہ باقاعدہ یوگا سے بلڈ پریشر کو عین دوائوں کی طرح قابو میں رکھا جاسکتا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ روزانہ صرف 15 منٹ یوگا  اور سانس کی مشقوں سے بلڈ پریشر میں 10 فیصد تک کمی کی جاسکتی ہے۔ اس تحقیقی سروے میں 60 افراد کو شامل کیا گیا تھا۔ اس میں شرکا کو ان کی مرضی کے مطابق، گہرے سانس کی مشقیں، سکون آور آسن، ابتدائی یوگا پوزیشن یا صرف جسم کو کھینچنے کی ورزشیں کرائی گئیں۔ ان میں سے یوگا کرنے والے شرکا کے گروپ میں لوگوں کے بلڈ پریشر میں دس فیصد کمی نوٹ کی گئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس تحقیق کو ایک 16 سالہ طالبعلم اشوک پانڈے نے سکول پروجیکٹ کے طور پر انجام دیا تھا اور اس پر مبنی ایک تحقیقی مقالہ بھی لکھ ڈالا ، جسے اب تک 30 ہزار سائنسدانوں نے پڑھا جس کے بعد اسے کینیڈا اور جرمنی میں امراض قلب کی کانفرنسوں میں بھی پیش کیا گیا۔ اشوک نے کہا کہ بھارتی تہذیب میں صدیوں سے یوگا کو بلڈ پریشر بہتر بنانے کےلئے استعمال کیا جاتا رہا ہے، لیکن جدید دنیا اس سے ناواقف ہے۔ اشوک کے والد امراض قلب کے ماہر ہیں اور اشوک نے انہیں بتایا کہ یوگا بلڈ پریشر کیلئے جادوئی علاج کی حیثیت رکھتا ہے۔ پہلے مطالعے کے اثرات اتنے مثبت تھے کہ اب اگلے مرحلے میں اشوک لاول یونیورسٹی کے تعاون سے مزید 500افراد پر یوگا اور بلڈ پریشر کے اثرات کو نوٹ کریں گے۔ یوگا ماہرین کا خیال ہے کہ گہرے سانس لینے سے بلڈ پریشر پر فرق پڑتا ہے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟