26 اپریل 2019
آئی ایم ایف نے پوزیشن بدلی ہے، معاہدے کے قریب ہیں،اسد عمر

آئی ایم ایف نے پوزیشن بدلی ہے، معاہدے کے قریب ہیں،اسد عمر

 وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے اپنی پوزیشن بدلی ہے لہٰذا معاہدہ اچھا ہوگا اور اس کے قریب آگئے ہیں۔ پشاور میں سرحد چیمبر آف کامرس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہاکہ آئی ایم ایف اور پاکستان کے اعدادو شمار کے فرق میں کمی آئی ہے، آئی ایم ایف نے اپنی پوزیشن بدلی ہے، ان سے اچھا معاہدہ ہوگا اور لگتا ہے کہ معاہدے کے قریب آگئے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ اس معاہدے کو آخری بنائیں۔ آئی ایم ایف سے پاکستان کی معیشت کیلئے اقدامات پر اتفاق رائے ہوا، وزیراعظم نے کہا آئی ایم ایف سے معاہدے پر دستخط کرنا چاہتے ہیں۔  پاکستان کو کسی نے باہر آکر ٹھیک نہیں کرنا، ہم ہی اسے ٹھیک کریں گے، ہم بہتر فیصلے کریں گے تو معیشت اٹھے گی اور یہ صرف سرمایہ کاری سے ہوگا۔ باتیں بہت ہوگئیں اب کام شروع کرنا ہے، ٹیکس نیت کا دائرہ وسیع کرنا ضروری ہے اس کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھے گا، ایف بی آر کے چھاپوں اور اور آڈٹ سے ٹیکس نہیں بڑھے گا، کوشش ہے کہ چھوٹے تاجر کے لیے انتہائی آسان سسٹم لائیں جو ایک صفحے کا ہو اور سال میں ایک مرتبہ ٹیکس جمع کرانا ہوگا، وہ سسٹم اسلام آباد میں کامیاب ہوگا جس کے بعد ملک بھر میں نافذ کریں گے۔  اگلے بجٹ میں خواہش ہےکہ تمام لوگوں کے لیے ٹیکس فارم میں آسانی پیدا کی جائے اور جمع کرانے کے طریقہ کار میں بھی آسانی ہو، ابھی اس کام کی ابتدا ہے، آگے مزید چیزیں بہتر کریں گے جو آئندہ بجٹ میں ہوگا۔  چیمبر کے لوگوں کے سوال سے لگتاہے کہ پشاور کے کچھ لوگ تحریک انصاف سے خوش نہیں لیکن اب یہ پی ٹی آئی کا شہر بن گیا ہے، اس کا وزیراعظم پر زیادہ حق ہے۔  الگ سے ٹیکسٹائل منسٹر کے لیے وزیراعظم سے بات کروں گا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے، سال میں دو ماہ ایسے ہوتے ہیں جس میں کے پی سے گیس نہیں آتی، ٹاپی گیس منصوبہ ختم نہیں ہوا اس پر کام جاری ہے۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟