22 فروری 2019
تازہ ترین
این آر او دینے کا مطلب ملک سے غداری ہوگا، وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم کسی کو بھی نہیں چھوڑیں گے جس نے اس ملک کا دیوالیہ نکالا جبکہ لٹیروں کواین آراو دینے کا مطلب ملک سے غداری کرنا ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان نے ہیڈ بلوکی میں شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دو این آر او نے ملک کو مقروض کیا، این آر او کی وجہ سے طاقت ور لوگوں نے سوچا کہ چوری کی کوئی سزا نہیں ہوتی، پرویز مشرف نے اقتدار بچانے کیلئے نوازشریف کو جانے دیا، کسی کو خوف نہیں تھا کیونکہ یہاں کوئی پوچھنے والا نہیں تھا، قرضوں کی قیمت عوام مہنگائی کی شکل میں ادا کرتی ہے، دس سال ملک کو تباہ کیا گیا اور اب کہتے ہیں کہ چھ ماہ میں پی ٹی آئی نے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ این آراو سے کرپٹ لوگوں کو حوصلہ ملا، نوازشریف اور زرداری نے 5،5 سال حکومت کی اور پھر پچھلے دس سال میں پاکستان کا قرضہ 30 ہزا رارب تک پہنچ گیا، آج روپیہ گرنے کی وجہ بھی یہی ہے جس کے باعث مشکلات بڑھ رہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہم کسی کو بھی نہیں چھوڑیں گے جس نے اس ملک کا دیوالیہ نکالا، جبکہ لٹیروں کو این آراو دینے کا مطلب ملک سے غداری کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ طاقتور لوگ جو زمینوں پرقبضہ کر کے بیٹھے ہوئے ہمیں وہاں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور جنگل بنانے ہیں ، پاکستان دنیا میں آٹھویں نمبر پر ہے جو ماحول کے حساب سے خطرے میں ہیں، جنگلات کی کمی ہمارے لئے زندگی اور موت کا سوال ہوگیا ۔ آگے حالات برے نظر آ نرہے ہیں، خشک سالی آجائے گی، شہروں میں آلودگی بڑھتی جائے گی اور بارشیں کم ہوجائیں گی۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے ملک میں سب سے کم جنگلات ہیں، جو بڑے بڑے جنگلات تھے  وہ سب تباہ ہوگئے، پچھلے دس سالوں میں شہروں میں درخت کاٹے گئے جس کے باعث آلودگی بڑھی، ہمیں جنگلات کی کٹائی آنے والی نسل کی بہتری کے لئے روکنی ہے جبکہ ہمیں اپنے شہروں سے بھی پارکوں پر جو قبضے کئے جارہے ہیں انہیں بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اگلے 5 سال دس ارب درخت لگانے ہیں، کے پی کے میں شجر کاری کی مثال سب کے سامنے ہے جس کی تعریف دنیا میں کی گئی۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں  کہا کہ پلانٹ فار پاکستان مہم شروع کرنے جارہے ہیں، وا گزار اراضی کو جنگلات اور وائلڈلائف پارکس میں تبدیل کر رہے ہیں کیونکہ جنگلات آنے والی نسلوں اور ماحولیاتی آلودگی خاتمے کے لئے اہم ہیں۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟