13 نومبر 2018
تازہ ترین
ایمنسٹی سکیم کا مثبت رسپانس ملا ہے،شمشاداختر

نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کی مدت میں توسیع نہیں کی جائے گی، ایف بی آر حکام اس سکیم کی بامقصد تکمیل کیلئے عوامی آگاہی اور رابطہ کاری پر توجہ دیں۔ وہ منگل کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔ اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر نے وفاقی وزیر کو ٹیکس ایمنسٹی سکیم پر پیشرفت اور محصولات وصولی کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی مہم عوام کو اپنے اثاثے ظاہر اور ٹیکس ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر ایمنسٹی سکیم سے متعلق مثبت رسپانس ملا ہے اور اس کا محصولات وصولی پر نمایاں اثر پڑے گا۔ چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس ریفارمز کمیٹی کی جانب سے کئے گئے کام اور عملدرآمد کمیٹی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ سکیم کی مدت میں توسیع نہیں کی جائے گی، ایف بی آر حکام اس سکیم کے بہترین نتائج کیلئے کام کریں۔ انہوں نے سکیم کی بامقصد تکمیل کیلئے عوامی آگاہی اور رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔ شمشاد اختر نے گوشوارے جمع کرانے کے عمل کو آسان بنانے اور محصولات وصولی میں اضافہ میں معاون اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تمام بندرگاہوں پر معیاری سکینرز کی تنصیب کی اہمیت پر زور دیا جس سے محصولات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ ٹیکس ریفارمز کمیٹی کے ممبران اور ایف بی آر کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟