ایف بی آر کا ٹیکس گزاروں کیلئے بڑا اقدام

فیڈرل بورڈ آف ریونیو  نے جعلی ٹیکس نوٹسز کے ذریعے ٹیکس گزاروں کو ہراساں کر کے ان سے پیسہ بٹورنے کے واقعات کے سدباب کیلئے ٹیکس گزاروں کو موصول ہونے والے نوٹسز اور ایف بی آر کے آرڈرز کی آن لائن تصدیق کے عمل کا اجرا کر دیا  ۔ ایف بی آر حکام نے بتایا ہے کہ ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کو ٹیکس گزاروں کی سہولت کیلئے بروئے کار لانا شروع کر دیا ہے ، ایف بی آر نے نوٹسز اور آرڈرز کی آن لائن تصدیق کی سہولت کا اجرا کر دیا ہے ، اس سہولت کے اجرا کے بعد اب ملک بھر کے ٹیکس گزاروں کو موصول ہونے والے نوٹس اور آرڈرز کی آن لائن تصدیق ممکن ہوسکے گی اور ایف بی آر کے اصل ٹیکس نوٹس اور آرڈرز پر خصوصی نمبروں پر مشتمل بار کوڈ تحریر ہوگا جس کی ایف بی آر آن لائن فوری تصدیق کر سکے گا اور جب ٹیکس گزار اس بار کوڈ میں تحریر نمبر ایف بی آر کی ویب سائٹ پر ڈالیں گے تو ایف بی آر کا آن لائن سسٹم اس ٹیکس نوٹس، آرڈر کی فوری تصدیق کر دے گا ، بصورت دیگر اس نوٹس کو جعلی تصور کیا جائے ۔