19 جنوری 2019
تازہ ترین
انجیر بواسیر کا قدرتی علاج

بواسیرایک اذیت ناک، نامراد اور تکلیف دہ بیماری ہے، یہ بڑی آنت اور مقعد کی سوزش کے نتیجے میں پیدا ہوتی ہے۔ عوام الناس میں عام طور پر بواسیر کی تین اقسام بادی، خونی اور مہکوں والی سمجھی جاتی ہیں حالانکہ بواسیر کے یہ تین مختلف درجے ہوتے ہیں جو مرحلہ وار اپنی شدت دکھاتے ہیں۔ بواسیر ایسے افراد میں زیادہ پائی جاتی ہے جو ذہنی دبائو اور اعصابی تنائو کی فضا میں کام کرتے ہیں۔ میٹابولزم کی سستی اور انتڑیوں کی کارکردگی کو متحرک رکھنے والے مفید بیکٹیریاز میں کمی یا خاتمہ ہوجانے سے بھی بواسیر کی علامات سامنے آنے لگتی ہیں۔ متواتر قبض کشا ادویات جیسے چھلکا اسپغول اور جلاب آور مرکبات کا استعمال کرتے رہنے سے بھی انتڑیاں کمزور ہوجانے سے بواسیر سمیت انتڑیوں کے مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔ مرغن، بادی، گوشت، تیز مرچ مصالحے، چاول، بینگن، دال مسور، فاسٹ فوڈز ، کولا مشروبات، بیکری مصنوعات اور ثقیل غذائوں کے شوقین افراد بھی بواسیر میں مبتلا دیکھے جا سکتے ہیں۔ اسی طرح ایسے افراد جن میں خلط سودا کی افزائش قدرتی طور پر زیادہ ہوتی ہو یا سودا پیدا کرنے والے غذائی اجزا کے استعمال سے خلط سودا بڑھ جائے تو بھی بواسیر تنگ کرنے لگتی ہے۔ چائے، شراب اور سگریٹ نوش، پان، تمباکو اور نسوار کھانے والے افراد بھی اس موذی مرض کے چنگل میں گرفتار ہوجاتے ہیں۔ قبض سے بچائو کے لئے ریشے دار غذائی اجزا کا بکثرت استعمال بہترین قدرتی حفاظتی ہتھیار سمجھا جاتا ہے۔ گندم اور جو کا دلیہ ناشتے میں لازمی استعمال کیا کریں۔ اسی طرح ناشتے میں دہی کا استعمال بھی انتڑیوں کے مسائل سے محفوظ رکھتا ہے۔ موسم کی مناسبت سے پانی ،پھل، پھلوں کے جوسز اور کچی سبزیوں کا مناسب استعمال کرکے ہم بواسیر کے حملے سے کافی حد تک بچ سکتے ہیں۔ نہار منہ تیز قدموں کی سیر اور بدن کو گرمانے والی ورزش کو معمول کا حصہ بنا کر بواسیر سمیت لا تعداد بدنی مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔ روزانہ کم از کم 5 سے10 کلو میٹر پیدل چلنے کو اپنا معمول بنا ئیں۔  پانی ہمیشہ ابلا ہوا اور نیم گرم پیا کریں۔ چاول جب بھی پکائیں ان میں بند گوبھی لازمی شامل کریں۔ کھجور ایک مکمل غذا، دوا اور مفید ٹانک ہے۔ یہ ایسے افراد جن کے مزاج میں خشکی کا غلبہ ہو بے حد مفید ثابت ہوتی ہے۔ رات کے کھانے میں نرم اور ریشے والی کھجوریں کم ازکم 7  سے10بطور سویٹ ڈش کھانا بواسیر ،قبض اور اعصابی کمزوری کے خاتمے کے لئے بہترین قدرتی علاج ہیں۔ انجیر ایسے افراد جن کے مزاج میں رطوبات یعنی بلغم وغیرہ زیادہ پائی جاتی ہو کے لئے فوری اور موثر ترین دوا، مفید غذا اور طاقت ور قدرتی ہتھیار ہے۔ تین سے 7 عددانجیر پانی میں بھگو کر نہار منہ کھانا دائمی قبض، بواسیر اور بلغمی مواد کی زیادتی سے جان چھڑانے میں فوری مددگار بنتا ہے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟