24 مارچ 2019
تازہ ترین
 انتہا پسندوں کا با لی وڈ خانز پر پاکستان مخالف بیان کیلئے زور

پاک بھارت کشیدگی کے بعد انتہا پسند ہندوئوں کو بالی وڈ سے وابستہ مسلمان فنکاروں پر پاکستان مخالف بیان دینے کے لئے دبائو ڈالنے کا ٹاسک مل گیا۔  ذرائع کے مطابق پاکستان مخالف بیان دینے کے لیے بالی ووڈ میں کام کرنے والے بہت سے مسلمان فنکاروں کو براہ راست اور نامعلوم فون نمبرز سے کالز کے ذریعے دھمکایا جارہا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر زیادہ سے زیادہ پاکستان مخالف بیان دیں۔ دوسری جانب انتہا پسند ہندوئوں کے رہنمائوں کی جانب سے شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کو بھی پیغامات پہنچا دیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بھارتی میڈیا جو مسلمان اور پاکستان مخالف بیان دینے کی مہم چلانے کے لئے پہلے ہی بہت سرگرم دکھائی دے رہا ہے، انہوں نے بھی اپنے پروگراموں کے ذریعے مسلمان سیاستدانوں عالم دین اور مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے کشمیری رہنمائوں کو غدار پیش کرنے کی ٹھان لی ہے۔ موجودہ صورتحال میں اس پروپیگنڈا پر جہاں کچھ بھارتی صحافی بات کرتے ہوئے گھنائونی سازش کو بے نقاب کر رہے ہیں وہیں دنیا بھر میں بھی اس مہم پر بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے لیکن اس کے باوجود مودی سرکار آئندہ انتخابات میں  جیتنے  کے لئے اینٹی مسلم اور اینٹی پاکستان کارڈ استعمال کرنے کے لئے اپنی حکمت عملی پر کارفرما ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ موجودہ صورتحال میں جہاں ان کا ایک بازو انتہا پسند ہندو بنے ہوئے ہیں وہی دوسرا بازو بھارتی میڈیا بن چکا ہے جو مسلسل ٹی وی پروگرامز میں پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف مہم چلا رہا ہے۔ بھارت کے مسلمان فنکاروں کو یہ بھی سمجھایا جا رہا ہے کہ اگر انہوں نے پاکستان مخالف بیانات نہ دیئے تو ان کے خلاف بالی وڈ میں شدید قسم کا بائیکاٹ کیا جائے گا ایک طرف انہیں کام کرنے سے روکا جائے گا تو دوسرے جانب ان کے بھارت میں رہنے کے معاملات بھی تکلیف دہ بنائے جائیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ کچھ فنکاروں نے سوشل میڈیا پر باقاعدہ اینٹی پاکستان بیان جاری کئے ہیں لیکن اس کیلئے انہیں بہت مجبور کیا گیا ۔ اس کے برعکس جن بالی وڈ فنکاروں نے اینٹی بیان دیئے ہیں انہیں دنیا بھر میں اپنے پرستاروں سے کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان میں شوبز کے سنجیدہ حلقوں نے کہا ہے کہ فنکاروں کو سیاست سے دور رہنا چاہئے کیونکہ فنکار اور ان کا فن کسی سرحد کے محتاج نہیں ہیں لیکن بھارت میں جان بوجھ کر فنکاروں کو سیاست کا حصہ بنایا گیا ہے جوکہ انتہائی بیوقوفانہ اقدام ہے اور اس کے نتائج مثبت نہیں بلکہ منفی آئیں گے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟