20 ستمبر 2018
تازہ ترین
 امریکا نے ہمیشہ پیٹھ میں خنجر گھونپا، ایران

ایرانی صدر حسن روحانی نے شمالی کوریا سے کہا ہے کہ وہ دھوکے باز امریکیوں پر اعتبار نہ کرے۔ امریکا نے ہمیشہ دوستی کی آڑ میں پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق  شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یونگ نے تہران میں صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں روحانی نے شمالی کوریا کو مشورہ دیا کہ وہ امریکا پر اعتبار نہ کرے کیونکہ امریکا نے ہمیشہ مصالحت کی آڑ میں پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے۔ شمالی کوریا کے مرد آہن کیم یونگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان سنگاپور میں تاریخی ملاقات کے بعد شمالی کوریا کے کسی سینیئر عہدیدار کا یہ ایران کا پہلا دورہ ہے۔ ایرانی ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک عشرے کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ۔ اس عرصے میں شمالی کوریا اور ایران مشترکہ اہداف کے مطابق ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے رہے ہیں۔ ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے سے علاحدگی کے امریکی فیصلے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے صدر روحانی نے کہا کہ حالیہ برسوں میں امریکا نے خود کو ناقابل اعتبار ثابت کیا ۔ امریکا نے عالمی برادری اور ایران کے ساتھ طے پایا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ دوسری جانب شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یونگ نے امریکا کی طرف سے ایران پر اقتصادی پابندیوں کے نفاذ کو عالمی قوانین کے خلاف قرار دیتے ہوئے انہیں مسترد کر دیا۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟