12 نومبر 2018
امریکا اور بھارت کے درمیان اہم فوجی معاہدے پر دستخط

 امریکا اور بھارت کے درمیان اہم فوجی معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں جس کے تحت بھارت امریکا سے حساس دفاعی ٹیکنالوجی کی خریداری کر سکے گا۔ امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو اور وزیر دفاع جیمس میٹس بھارت کے دورے پر موجود ہیں جہاں انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اور وزیر دفاع نرملا ستھارامان سے ملاقات کی۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان فوجی اور سیاسی تعلقات مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ جیمس میٹس اور نرملا ستھارامان نے اہم فوجی معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت بھارت امریکی حساس دفاعی ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کر سکے گا۔ اس موقع پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا کہنا تھا کہ سرحدی دہشتگردی روکنے کے لیے دونوں ممالک کا ایک نظریہ ہے، امریکا نے نیوکلیئرسپلائی گروپ میں بھارت کی شمولیت کیلیے کام کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو مختصر دورے پر پاکستان پہنچے جہاں انہوں نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، افغانستان میں امن عمل اور پاکستان کے لیے امریکی امداد کی معطلی کے مسئلے پر بات چیت کی گئی۔ مائک پومپیو کی زیر قیادت وفد میں امریکی فوج کے جنرل جوزف ڈنفورڈ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟