21 نومبر 2018
تازہ ترین
اعظم سواتی کو سی ڈی اے کی جانب سے تجاوزات ہٹانے کا نوٹس

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک) آئی جی اسلام آباد جان محمد کو عہدے سے ہٹوانے والے وفاقی وزیر اعظم سواتی کو زمین پر قبضے کا نوٹس مل گیا۔ غریب جھونپڑی والے کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر آئی جی اسلام آباد جان محمد کو ہٹوانے والے وفاقی وزیر اعظم سواتی کو سی ڈی اے کی جانب سے زمین پر قبضے کا نوٹس مل گیا ہے۔ نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ اعظم سواتی نے سی ڈی اے کی زمین پر تجاوزات قائم کیں اور غیر قانونی بیسمنٹ بنائی۔ سی ڈی اے کی جانب سے اعظم سواتی کو 5 روز میں تجاوزات ہٹانے کا حکم دیا گیا ہے بصورت دیگر تجاوزات گرا دی جائیں گی۔  دوسری جانب وفاقی وزیر کے کہنے پر آئی جی کو ہٹانے کے معاملے پر سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل دی گئی جے آئی ٹی کی تحقیقات جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق آئی جی اسلام آباد جان محمد جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے اور انہوں نے اعظم سواتی سے ہونے والی بات چیت اور تلخی سے آگاہ کیا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ جے آئی ٹی نے اعظم سواتی کے فارم ہاؤس کا دورہ بھی کیا، جے آئی ٹی کے ہمراہ سی ڈی اے اور پٹوار خانے کے حکام بھی تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی نے اعظم سواتی کے فارم ہاؤس کی پیمائش بھی کی اور تجاوز کی گئی جگہ کے نوٹس بھی لیے۔

 


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟