اسد قیصر سپیکرقومی اسمبلی،چودھری سرور گورنر پنجاب نامزد

پاکستان تحریک انصاف  نے اسد قیصر کو سپیکر قومی اسمبلی اور چودھری سرور کو گورنر پنجاب کے عہدے کے لیے نامزد کردیا۔ پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق اور دیگر کے ہمراہ بنی گالا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے اسد قیصر تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے جبکہ چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ شاہ محمودقریشی نے بتایا کہ اسد قیصر خیبرپختونخوا اسمبلی میں اسپیکر رہے اور تمام روایات سے واقف ہیں، انہوں نے تمام جماعتوں کے ساتھ اچھے تعلقات بنائے اور ان کا رویہ دوسری جماعتوں کے لوگوں کے ساتھ قابل تعریف ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چوہدری سرور گورنر رہ چکے ہیں، وہ پنجاب کی سیاست جانتے ہیں اور گورنر کے آئینی کردار سے واقف ہیں جبکہ وہ پارلیمانی بورڈ کا حصہ بھی تھے۔  پنجاب میں وزیراعلیٰ کے امیدوار کا اعلان چیئرمین عمران خان کریں گے۔ حمایت کرنے پر مسلم لیگ  ق، عوامی مسلم لیگ اور متحدہ قومی موومنٹ سمیت تمام اتحادیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ جام کمال سے ہماری اچھی بات چیت ہوئی اور ان کے اتحادیوں سے بھی مذاکرات ہوئے۔ پی ٹی آئی رہنما نے مزید بتایا کہ  کراچی میں پیر پگارا اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی قیادت سے ملاقات ہوئی ، اس موقع پر جی ڈی اے نے مکمل اور غیر مشروط حمایت کا فیصلہ کیا۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟